طلبہ یونیورسٹی کیمپس کا عید کے بعد یونیورسٹیز کھولنے کا مطالبہ

May 13, 2021

پشاور(وقائع نگار) یونیورسٹی کیمپس پشاور کے طلبہ نے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا ایس او پیز کے تحت عید کے بعد یونیورسٹیز کھول دیئے جائیں کیونکہ یونیورسٹیز کی بندش کے باعث طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے کورونا کی پہلی لہر کے دوران بھی طلبہ کا کافی وقت ضائع ہو گیا تھا جبکہ امسال ماسٹر کے نتائج میں تاخیر سے قیمتی سال ضائع ہوا جو قابل مذمت ہے طلبہ کے مطابق کورونا سے تعلیمی اداروں کی بندش کے مزید متحمل نہیں ہو سکتے ۔کیمپس کے طلبہ کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیز کی بندش سے کورونا وباء کے دوران امسال پشاور یونیورسٹی کے ماسٹر امتحانات تاخیر کا شکار ہوئے جس کی وجہ سے سینکڑوں طلبہ کا سال ضائع ہو چکا ہے جبکہ اضافی فیس کا بوجھ بھی ان پر پڑا ہے جو قابل مذمت ہے ۔پشاور یونیورسٹی کیمپس میں تاریخی ددرسگاہیں پشاور یونیورسٹی ،انجینئرنگ یونیورسٹی ،ایگریکلچر یونیورسٹی اور اسلامیہ کالج یونیورسٹی واقع ہے جہاں صوبے بھر سے ہزاروں کی تعداد میں طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں تاہم کورونا وباء کی تیسری لہر میں تعلیمی اداروں کی بندش نے یونیورسٹیز کے طلبہ کو بھی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے اور طلبہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ایس او پیز کیساتھ عید کے بعد یونیورسٹیز کو کھولنے کیلئے اقدامات کئے جائیں بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہونگے ۔