حرا مانی کا عید پر فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی

May 14, 2021

معروف پاکستانی اداکارہ حرا مانی نے بھی مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصٰی پر ہونے والے حملوں اور غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی جانب سے کی جانے والی وحشیانہ بمباری کے واقعات پر فلسطینیوں سے عید الفطر پر اظہارِ یکجہتی کیا ہے ۔

اداکارہ حرا مانی نےاپنے تصدیق شدہ انسٹا گرام اکاؤنٹ پر فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کرنے کے لیے ایک معنی خیز پینٹ کی ہوئی تصویر شیئر کی ہے۔

اس تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک پرندہ کھلی فضاء میں اڑ رہا ہے جس پر فلسطین کے جھنڈے کا رنگ کیا ہوا ہےجوکہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ فلسطینیوں کو آزادی دی جائے۔


حرا مانی نےاس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں فلسطین میں اپنے پیارے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہوں ۔‘

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’اس سانحے میں ہم آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔‘

حرا مانی نے فلسطینیوں کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم آپ سے محبت کرتے ہیں اور آپ کی سلامتی کے لیے دعا کررہے ہیں ۔‘

واضح رہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 109 ہوگئی ہے، شہداء میں 28 بچے اور 15 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 621 افراد زخمی ہیں۔ ہزاروں فلسطینیوں کے آشیانے ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔