امیتابھ نے 10 وینٹی لیٹرز اسپتال کے حوالے کردیئے

May 14, 2021

بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے پولینڈ سے آکسیجن کے پچاس کنسنٹریٹرز خریدے ہیں تاکہ انھیں اسپتالوں کو عطیہ کیا جاسکے جبکہ انھوں نے دس وینٹی لیٹرز بی ایم سی کے حوالے کردیئے ہیں۔

اس حوالے سے سپر اسٹار نے اپنے ایک حالیہ بلاگ پوسٹ میں اپنی اس کاوش کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ہماری ضرورت کے وقت اور کورونا وائرس کے خلاف اقدامات کے حوالے سے پچاس آکسیجنکنسنٹریٹرز پولینڈ سے خریدے ہیں اور پندرہ مئی تک یہ بھارت پہنچ جائیں گے۔

یاد رہے کہ لیجنڈ اداکار کا مشرقی یورپی ملک پولینڈ کے ساتھ ایک خصوصی تعلق ہے اور بالخصوص پولش شہر وارکلا، جہاں انکے آنجہانی والد اور معروف ہندی شاعر ہری ونش رائے بچن کو اعزاز دیا گیا تھا۔

اس سے قبل اکتوبر 2020 میں انھوں نے وارکلا شہر کے ایک اسکوائر کی جھلک شیئر کی تھی، جو کہ انکے والد کے نام سے معنون ہے، انھوں نے اس شیئرنگ کے ساتھ تحریر کیا تھا کہ یہ میرے خاندان اور بھارت کے لیے بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اگلے چند روز میں امید ہے مزید پچاسکنسنٹریٹرز خریدے جائیں گے جو کہ دس لیٹرز کے ہونگے اور اسے مناسب طبی سہولت فراہم کرنے والے اسپتال کو عطیہ کردیا جائیگا۔

بھارتی اداکار نے بتایا کہ اس سے قبل انھوں نے دس وینٹی لیٹرز ممبئی کی میونسپل کارپوریشن اور میونسپل اسپتال کے حوالے کردیئے ہیں۔