کاروبار میں جانشین کا انتخاب کیسے کیا جائے ؟

May 17, 2021

اگر آپ اپنا کاروبار کسی فیملی ممبر کے حوالے کر رہے ہیں یا اہم ترین عہدے پر کسی کو فائز کررہے ہیں تو آپ کو اس کی باگ ڈور کسی کے ہاتھ میں دینے سے پہلے کاروبار کی مسلسل کامیابی کو یقینی بنانے کے لے کچھ اقدامات کرنا ہوںگے۔ جانشینی کی منصوبہ بندی (Succession Planning) ایک ایسا اہم عمل ہے جس میں بہت غور وفکر کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

جانشینی کی منصوبہ بندی میں کمپنی کی ملکیت اور کنٹرول غیر محسوس طریقے سے منتقل کرنے کے لئے ایسا ٹھوس لائحہ عمل اختیا ر کیا جانا چاہیے جس سے کمپنی کی کارکردگی پر اثر نہ پڑے۔ اس منصوبہ بندی میں کاروبار کے ہر پہلو کو پوری طرح سے دستاویزی شکل دیتے ہوئے مخصوص لوگوںمیں واضح طور پر ذمہ داریاں تفویضکرنا اور انہیں کچھ مدت کیلئے تربیت یا رہنمائی فراہم کرنا شامل ہوتا ہے تاکہ اختیارات کی منتقلی کا مرحلہ بغیر کسی پریشانی کے طے ہوجائے۔ ا س اہم مرحلے میںناکامی سے کاروبار پر منفی نتائج مرتب ہوسکتے ہیں۔

امریکی کمپنی ہارٹ لینڈ پوسٹ اور پول فینسنگ کی باگ ڈورجب اسٹرلنگ جیکوئتھ اور اس کے شوہر مائیکل نے سنبھالی تو کمپنی اچھی حالت میں تھی، مگر اس کی جانشینی کے بارے میں کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی تھی۔ کوئی طے شدہ طریقہ کار، کوئی دستاویز نہ تھی اور نہ ہی کسی قسم کی مینٹور شپ کا طریقہ موجود تھا، جس کے نتیجے میں اسٹرلنگ کو کمپنی کے بارے میںسمجھنے میں کافی وقت لگانا پڑا اور دن رات محنت کرنی پڑی۔ ان کا کہنا تھا، ’’ ہم نے ابتدائی دو یا تین مہینوں میں بہت ساری غلطیاں کیں ، جو بدقسمتی کی بات ہے ، کیونکہ جب فینس لگانے کا سیزن شروع ہواتو ہم بہت زیادہ آمدنی نہیں کما سکے۔

ایک تحقیق کے مطابق مختلف خاندانی کاروبارکا مطالعہ کرنے سے اندازہ ہوا کہ صرف 30فیصد پہلی نسل اپنی دوسری نسل کو کامیابی سے کاروبار منتقل کرپائی۔ اگر آپ اپنے کاروبار کو ترقی دینا چاہتے ہیں تو جانشینی کی تربیت ضروری ہے۔ کاروبار کے مستقبل کے لئے مناسب طریقے سے منصوبہ بندی کرنے کیلئے ذیل میں کچھ مشورے دیے جارہے ہیں۔

سمجھداری سے جانشین کا انتخاب

اپنے کاروبار کے اہم ترین عہدے پر تقرری یا جانشین کا انتخاب کرتے وقت یہ ضروری ہے کہ آپ کسی ایسے شخص کو تلاش کریں جو نہ صرف قابل ہو بلکہ آپ کو اس پر بلا کا اعتماد بھی ہو کہ وہ اس ذمہ داری کو عمدگی سے نبھائے گا اور کمپنی کلچر کو آگے لے جائے گا۔ بزنس کوچنگ اور ایڈوائزری کمپنی الیٹیکل بورڈ کے چیف ایکسپیریئنس آفیسر ڈیوڈا سکارولا کا کہناہے، ’’اکثر مالکان جلد بازی میں فیصلے کرتے ہیں اور ان کے جانے کے بعد پتہ چلتا ہے کہ کمپنی کا کلچر بدل گیا ہے اور ملازمین خوش نہیں ہیں‘‘۔

اگر آپ فیملی کے کسی ممبر یا کسی افسر کو کاروبار کی باگ دوڑ تھمانے جار ہے ہیں تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ واقعی اسے سنبھالنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ اسکارولا اس حوالے سے مزید رائے دیتے ہیں کہ ایک کاروباری مالک یہ سوچ سکتا ہے کہ اس کا بیٹا یا خاندان کا کوئی دوسرا فرد اس کے کاروبار کو آگے بڑھا ئے لیکن ایک حقیقت یہ بھی ہوسکتی ہے کہ اسے اس کام میں بالکل بھی دلچسپی نہ ہو۔ اس ضمن میںاگر آپ ابتداہی سے متعلقہ شخص کو اپنا جانشین بنانے کے حوالے گفتگو کرلیںاور ا س کی خواہش جان لیںتو ہوسکتا ہے کہ آپ کا اور کمپنی کا قیمتی وقت بچ جائے اور آپ کوئی غلط فیصلہ کرنے سے محفوظ رہیں۔

تربیت دینا اور دستاویز تیار کرنا

کاروبارکی کامیاب منتقلی میںسب سے اہم مرحلہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ آپ کے الگ ہونے کا طریقہ کار باقاعدہ اور دستاویزی شکل میں ہو۔ یہ کسی بھی کاروبار کے لئے اہم ہے ، کیونکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں آپ چاہیں گے کہ آپ کے ملازمین اپنے فرائض تسلسل سے انجام دیتے رہیںاور ا س میںکسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے پائے۔

اگر آپ الگ ہونے سے پہلے ہی اپنے جانشین کو کمپنی میں تربیت دینا شروع کردیں تو یہ بہت اچھا ہے، تاہم سب کچھ ہی پہلے دن نہ سکھائیں بلکہ اس سے آسان اور مخصوص ٹاسک کروائیں۔ یہاںتک اسے اندازہ بھی نہ ہونے دیںکہ مستقبل قریب میںآپ کاروبار اس کے حوالے کرنے والے ہیں۔ اس سے آپ کو اندازہ ہوسکتا ہے کہ وہ شخص اس کردار میں کتنا اچھا کام کرسکتا ہے۔ تاہم ، اسکارولا ملازمین کو جانشینی کے بارے میں بہت جلد بتانے کے خلاف متنبہ کرتے ہیں۔

اسکارولا کا کہناہے، ’’انھیں وقت کے ساتھ ساتھ مزید فیصلے کا اختیار دیں اوراہم انفلیکشن پوائنٹ پر (جہاں آپ کے اور آپ کے جانشین کے درمیان نقطہ اختلاف آسکتاہے) اسے آپ ان فیصلوں کی اجازت دیتے ہیں جو آپ نہیں لیتے تھے، لیکن آپ ان فیصلوں کو اختیار کرنے کے لیے اسے بااختیار بناتے ہیں۔

ملکیت کی قانونی منتقلی کیلئے تیاری

اسکارولا کا کہناہے کہ اپنے سارے عمل کی دستاویزات کے علاوہ ، اپنے کاروبار کے قانونی پہلوؤں کو بھی ترتیب میں رکھنا ضروری ہے۔ اس عمل کیلئےکسی ایسے وکیل سے مشورہ کریں جو اس عمل میں مہارت رکھتا ہو۔ اگر آپ خاندانی کاروبار کو اپنے فیملی ممبر کو منتقل کر رہے ہیں تو اس عمل کو آہستہ آہستہ کریں۔ اس ضمن میںماہرین چند دستاویزات تیار کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

کاروباری حکمت عملی کا منصوبہ (business strategic plan)، جس میں ضرورت کے مطابق تبدیلیاں کرنے کے اختیارات کا تعین کیا گیا ہو۔

خاندانی مشن کا بیان (family mission statement)، یہ اس وقت کام آتاہے جب خاندان کے کئی افراد کمپنی کی ملکیت رکھتے ہوں کیونکہ اس سے کاروبار کے کلچر اور سمت کا تعین کرنے میں مدد ملتی ہے۔

مالک کی جائیداد کا منصوبہ (owner's estate plan) ، جس میں ملکیت یا جائیداد کےٹیکس کی منصوبہ بندی شامل ہو۔

جانشینی منصوبہ (succession plan) ، کمپنی کے اختیارات کی منتقلی کا طریقہ وضع کیا جاتا ہے۔