کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر گل پلازا میں آگ لگنے کے فوری بعد کی ویڈیو سامنے آگئی، آگ لگنے کے فوری بعد مارکیٹ کےاندر دھواں بھر گیا، دکانوں کے اندر سے لوگ سامان پر چڑھ کر باہر نکلنےکی کوشش کرتے رہے۔
ویڈیو میں دکاندار مارکیٹ کا بند دروازہ توڑنے کا کہہ رہا ہے، کچھ لوگ گل پلازا کی چھت پر پہنچے، موبائل فون سے رابطہ کرنے کی کوشش کی۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں آگ سے تباہ ہونے والے گل پلازہ کی پہلی منزل پر ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا۔
حکام کے مطابق اب دوسری منزل پر ریسکیو آپریشن شروع کیا جائے گا، پہلی منزل پر ریسکیو آپریشن کے دوران بچے سمیت 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہوگئی۔
دوسری جانب گل پلازا سانحے پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ انسانی جان کا کوئی ازالہ ممکن نہیں، جاں بحق ہر شخص کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ روپے دیے جائیں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کمشنر کراچی کو ہدایت کی گئی ہے کہ تفصیلات حاصل کرکے ادائیگیاں کل سے یقینی بنائی جائیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ جن افراد کا کاروبار مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے، حکومت انہیں دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرے گی۔