ملتانی مٹی لگائیں

May 27, 2021

ملتانی مٹی کا استعمال ہر موسم میں جلد کی خوبصورتی کو بڑھانے کا کام کرتا ہے ۔ اس میں کیلشیم بینٹونائٹ، منرلز، میگنیشیم کلورائیڈ، اینٹی انفلامینٹری جز اور میلانن پایا جاتا ہے ،جو کہ آپ کو خوبصورت بنانے میں مدد دیتا ہے۔اس ہفتے ہم آپ کو ملتانی مٹی کے فوائد سے آگاہ کررہے ہیں ،اسے چہرے پر لگائیں اور بنائیں خود کو حسین ۔

…… ایکنی……

ملتانی مٹی کو چہرے پر لگانے سے ہر قسم کی ایکنی کنٹرول میں آ جاتی ہے ،کیوں کہ اس میں کلورائیڈ موجود ہوتا ہے ،جس کی ٹھنڈک سے دانوں کی اندرونی سطح میں موجود گندگی خشک ہو کر پانی سے صاف ہو جاتی ہے اور جلد چمکدار ہو جاتی ہے۔

…… بلیک اور وائٹ ہیڈز……

چہرے پر بلیک اور وائٹ ہیڈز کی وجہ سے اکثر خواتین پریشان نظر آتی ہیں، کیوں کہ یہ خوبصورتی کو ماند کر دیتے ہیں، اس کو ختم کرنے کے لیےایک چمچہ ملتانی مٹی کو آدھے چمچے پانی میں مکس کریں اور اس کو اس جگہ پر لگا لیں جہاں ہینڈز نکلے ہیں، اور ساتھ ہی ایک برش کی مدد سے یا پھر انگلیوں کی مدد سے رگڑتے رہیں۔ اس سے ہیڈز بھی نکل جائیں گی اور جلد پر خارش بھی نہیں ہوگی۔

…… رنگ گورا کرنے کے لیے……

ہر خاتون کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کے چہرے کا رنگ صاف ستھرا اور نکھرا نکھرا ہو ۔اس کے لیے دو چمچے ملتانی مٹی دودھ میںمکس کرکے چہرے پر لگائیں ۔اگر آپ خشک دودھ میں ملتانی مٹی اور لیموںکا رس مکس کرکے چہرے پر روزانہ 20 منٹ تک لگائیں گی تو اس سے جلد تر وتازہ بھی ہوجائے گی اور رنگ بھی نکھر جائے گا۔

…… جھریاں……

بعض خواتین کے چہرے پر جھریاں زیادہ واضح ہوتی ہیں ،ا س کو کم کرنے کے لیے روزانہ ملتانی مٹی کو ایک انڈے کی سفیدی میں مکس کرکے لگائیں ،اس کے استعمال سے جھریاں کافی حد تک ختم ہو جائیں گی۔

… داغ دھبے…

اگر آپ کی بھی جلد پر داغ دھبے اور نشانات موجود ہیں تو ایک چمچہ ملتانی مٹی میں ایک چمچہ ایلویرا جیل مکس کر کے چہرے پر لگائیں اس سے داغ دھبے صاف ہو جائیں گے۔