ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ میں کامیابی کے 10 اصول

June 07, 2021

مؤثر کانٹینٹ اور ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ کے ذریعے آپ اپنے صارفین کی تعداد میں ڈرامائی انداز میں اضافہ کرسکتے ہیں، لیکن بِنا کسی سابقہ تجربے اور بصیرت کے آپ کیلئے یہ کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔ یہ بہت اہم ہے کہ آپ ڈیجیٹل میڈیا مارکیٹنگ کے بنیادی لوازمات کو سمجھیں۔ اپنے آن لائن اینٹری پوائنٹ کے معیار کو بڑھاتے ہوئے اگر آپ ڈیجیٹل میڈیا کے اصولوں پر عمل کریں گے تو آپ اپنے صارفین، برانڈ اور اپنے لیے بہترین بنیاد رکھ رہے ہوں گے۔

سننے کا اصول

(The Law of Listening)

ڈیجیٹل میڈیا کی طرف آنے والے یہ سمجھ لیں کہ ڈیجیٹل میڈیا اور کانٹینٹ مارکیٹنگ میں کامیابی کیلئے انہیںایک اصول پر ضرور عمل کرنا ہے، وہ ہے زیادہ سننا اور کم بولنا۔ اپنی ٹارگٹ مارکیٹ کے آن لائن کانٹینٹ کو پڑھیں اور ان کےسا تھ مباحثے میں شامل ہوکر یہ جانیں کہ ان کیلئے کیا اہم ہے۔ اسی طریقے سے آپ ان کیلئے کانٹینٹ تخلیق کرسکتے ہیں اور کوئی گرما گرم بحث والا موضوع دے کریا کوئی باہمی دلچسپی والی گفتگو شروع کرکے آپ ان کے بار ے میں مزیدجان سکتے ہیں، بجائے اس کے کہ آپ بھیڑ چال کا شکار ہوجائیں۔

توجہ کا اصول

(The Law of Focus)

ہر فن مولا ہونے کے بجائے کسی فن میں یکتا ہونا زیادہ فائد ہ مند ہوتاہے۔ ایک بہت ارتکاز والی ڈیجیٹل میڈیا اور کانٹینٹ مارکیٹنگ کی حکمت عملی کسی بھی برانڈ کو بنانے کیلئے مضبوط بنیاد رکھتی ہے۔ اس سے کامیابی کے زیادہ مواقع ملتے ہیں۔ اگرآپ وسیع حکمت عملی بنائیںگے تو ہوسکتاہے کہ آپ کے موجودہ صارفین بھی ہاتھ سے نکل جائیں ۔

معیارکا اصول

(The Law of Quality)

معیار ہمیشہ مقدار پر حاوی رہتا ہے۔ آپ کےلیے ایسے ایک ہزار لوگ بہتر ہیں جو آپ کا کانٹینٹ پڑھتے، شیئر کرتے اور اسے اپنی گفتگو میں شامل کرتے ہیں ،نہ کہ وہ 10 ہزار لوگ جوآپ سے پہلی بار رابطہ کرنے کے بعد غائب ہو جاتے ہیں۔

صبر کا اصول

(The Law of Passion)

ڈیجیٹل میڈیا او ر کانٹینٹ مارکیٹنگ راتوں رات کامیاب نہیں ہو جاتی۔ اس کیلئے آپ کو صبر سے کام لینا پڑتاہے اور ہم سب جانتے ہیں کہ صبر کا پھل میٹھا ہوتاہے۔

وسعت کا اصول

(The Law of Compoundig)

اگر آپ معیاری اور زبردست کانٹینٹ فراہم کررہے ہیں اور اپنے کوالٹی فالورز میں اضافے کیلئے کام کررہے ہیں تو آپ کو یہ کانٹینٹ ٹوئٹر، فیس بک، لنکڈ اِن، انسٹا گرام، بلاگز وغیرہ پر بھی شیئر کرنا ہوگا۔

آپ کے کانٹینٹ کی شیئرنگ اور اس کے بارے میں ڈِسکشن آپ کیلئے نئے صارفین ملنے کے دروازے کھولے گی، گوگل بھی اسے اپنے Keywordسرچ میں ڈال سکتاہے۔ اس طریقے سے آپ کے آڈیئنس کی آن لائن تعداد سینکڑوں سے ہزاروں اور اس کے بعد لاکھوں تک پہنچ سکتی ہے۔

متاثر کرنے کا اصول

(The Law of Influence)

کچھ وقت نکال کر ان لوگوں کو تلاش کریں، جن کے کوالٹی فالوورز کی اچھی خاصی تعداد موجود ہو اور وہ آپ کی مصنوعات، خدمات اور کاروبار میں دلچسپی رکھتے ہوں۔ ان سےرابطہ کرکے باہمی مفاد کیلئےتعلقات قائم کریں۔ اگر لوگوں کے مشترکہ مفادات کیلئے کوئی چیز کام کرجاتی ہے تو ہو سکتاہے کہ آپ کی کارآمد معلومات یا کانٹینٹ وہ اپنے فالوورز کے ساتھ شیئر کریں اور اس سے آپ کے آڈیئنس میں اضافے کی نئی راہیں کھلیں۔

قدر کا اصول

(The Law of Value)

اگرآپ اپنی مصنوعات وخدمات کی براہ راست پروموشن کیلئے دن رات مصروف رہیں گے تو لوگ آپ کی بات سننا چھوڑ دیں گے۔ آپ کو بحث ومباحثے پر کم اور نئے اچھوتےکانٹینٹ تخلیق کرنے پر زیادہ توجہ مرکوز کرنی چاہئےاورآن لائن متاثر کرنے والے افراد(online influencers)سے تعلقات قائم کرنے چاہئیں۔ ایک وقت آئے گاکہ یہ لوگ آپ کے بزنس کی مارکیٹنگ خود اپنی زبان سے کررہے ہوں گے۔

تسلیم کرنے کا اصول

(The Law of Acknowledgement)

آ پ کسی کو نظر انداز نہیں کرسکتے، جیسے کہ کوئی آ ن لائن آپ سے مخاطب ہو اور آپ اس پر توجہ نہ دیں۔ سوشل میڈیا مارکیٹنگ میں کامیابی کیلئے سب سے اہم چیز استوارکیے گئے تعلقات ہوتے ہیں، لہٰذا ہر اس فرد پر توجہ دیں جو آپ سے آن لائن مخاطب ہے۔

دستیاب رہنے کا اصول

(The Law of Accessibility)

ایسا نہ کریں کہ اپنا کانٹینٹ شائع کرکے غائب ہو جائیں بلکہ اپنی آڈیئنس کیلئے دستیاب رہیں۔ اس کا مطلب یہی ہے کہ آ پ کو مستقل بنیادوں پر اپنا کانٹینٹ شائع کرنا اور مباحثے میں حصہ لینا ہے۔ آن لائن رہنے والے لوگ تو ویسے بھی متلون مزاج ہوتے ہیں، اگر آپ چند ہفتوں یا مہینوںکیلئے غائب ہو جائیں گے تو وہ آپ کے متبادل کی طرف جانے میں ذرا بھی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔

مساوات کا اصول

(The Law of Reciprocity)

آپ اس بات کی توقع نہ کریں کہ لوگ آپ کا کانٹینٹ شیئر کریں گے یا اس کے متعلق بات کریں گے، اگر آپ ان کیلئے بھی ایسا نہیں کرتے۔ لہٰذا کچھ وقت نکال کر دوسروں کے کانٹینٹ بھی شیئر کریں اور اس کے متعلق اپنے کمنٹس کرتے رہیں۔