کامیاب ایس ایس ٹی اساتذہ6ماہ سے تعیناتی کے منتظر

June 12, 2021

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے امتحان میں کامیاب ایس ایس ٹی اساتذہ کو تعینات نہیں کیا جاسکا ،سترہ گریڈ میں تعینات اساتذہ چھ ماہ سے تعیناتیوں کے منتظر ہیں ، بلوچستان پبلک سروس کمیشن نے 737 کامیاب اساتذہ کی تعیناتی کیلئے 19 جنوری2021ء کو مراسلہ صوبائی حکومت کو ارسال کیا تھا ،تفصیلات کے مطابق بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے تحت سترہ گریڈ ایس ایس ٹی اساتذہ کی تعیناتیوں کیلئے ہونے والے امتحانات میںقلات ، ژوب،نصیر آباد، مکران، کوئٹہ ، سبی ڈویژن کے کامیاب امیداروں کو بلوچستان حکومت اور محکمہ تعلیم چھ ماہ گزرنے کے بعد بھی تعیناتی آرڈرجاری نہیں کرسکیں۔ ذرائع کے مطابق 19 جنوری2021ء کو بلوچستان پبلک سروس کمیشن نے بلوچستان حکومت کو 737 کامیاب اساتذہ کی تعیناتیوں کیلئے چیف سیکرٹری کو مراسلہ ارسال کیا تھا تاہم چیف سیکرٹری نے اعتراض لگاکر مراسلہ کو واپس بھیجا جس سے کئی قابل نوجوان سروسز سے محروم رہ گئے ۔متاثرہ اساتذہ کے مطابق پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرنے کے باوجود انہیں تعیناتیوں کے آرڈر جاری نہیں کئے جارہے جبکہ پبلک سروس کمیشن کے تحت محکمہ صحت اور محکمہ پولیس میں تعیناتی کیلئے ہونے والے امتحانات میں کامیاب امیداروں کو ایک ماہ کے اندر ہی تقرریوں کے آرڈر جاری کئے گئے۔ متاثرہ اساتذہ نے کہا کہ بلوچستان کے اکثر تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی کے باوجود 737 اساتذہ کو تعیناتی کے آرڈر جاری نہ ہونا باعث افسوس ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت صوبے میں نافذ تعلیمی ایمرجنسی کو مدنظررکھتے ہوئے اساتذہ کو جلد تعیناتی آرڈر جاری کرے تاکہ اساتذہ میں پائی جانیوالی بے چینی کا خاتمہ ہو۔