سپر لیگ6: زلمی کا گلیڈی ایٹرز پر ظلم، 61 رنز سے مات دیدی

June 13, 2021

ابوظبی ( جنگ نیوز) سابق چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پاکستان سپر لیگ میں ایک اور بری کارکردگی پیش کرتے ہوئے مسلسل دوسرے دن شکست کی ہزیمت اٹھائی۔ پشاور زلمی کے کوئٹہ پر ظلم، اتوار کو 61 رنز سے کامیابی کےساتھ پیشقدمی جاری رکھی۔ کوئٹہ کیلئے لیگ میں سفری جاری رکھنا مشکل تر ہوگیا ہے۔ ڈیوڈ ملر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔زلمی نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی شاندار کارکردگی پیش کی۔ محمد عرفان نے تین، وہاب ریاض اور عمید آصف نے دو دو وکٹ لیے۔197 کے جواب میں سرفراز کی ٹیم 136 رنز اسکور کرسکی۔ سرفراز احمد 36، صائم ایوب 35 اور عثمان خان 28 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کرسکے۔ کوئٹہ کی بیٹنگ 62 رنز کے اچھے آغاز کے بعد یکایک فیل ہوگئی۔ قبل ازیں پی ایس ایل 6 کے 19ویں میچ میں پشاور زلمی نے197 رنز اسکور کیے ۔ اننگز کی خاص بات کامران، ڈیوڈ ملر کی نصف سنچریاں اور رومن پاول کے برق رفتار 43 رنز تھی۔ ملر نے 73 اور کامران اکمل نے59 رنزکی جارحانہ اننگز کھیلیں۔ پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں197 رنز بنائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے 198 رنز کا بڑا ہدف اسکور بورڈ پر سجادیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے محمد نواز نے 2 جبکہ محمد حسنین اور خرم شہزاد نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔کوئٹہ نے انجرڈ فاف ڈوپلیسی کی جگہ صائم ایوب کو ٹیم میں شامل کیا۔