اسلام آباد میں پانی کے ذخائر بہتر بنانے کیلئے اہم فیصلے

June 13, 2021

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد کے ساتھ چیئرمین پی سی آر ڈبلیو آر چوہدری محمد اشرف کی اسلام آباد کے پانی کے مسائل کے حل کے حوالے سے میٹنگ ہوئی جس میں پانی کے مسائل کو حل کر نے کیلئے مختصر المدت اور طویل المدت منصوبوں کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جا ئزہ لیا گیا ۔ اس موقع پر باہمی مشاورت سے وفاقی دارالحکومت میں پانی کے ذخائر کو بہتر بنانے اور زیر زمین پا نی کی سطح کو بلند کر نے کیلئے اہم فیصلے کئے گئے جسکے تحت 100 سے زائد ریچارج ویلز، 20 آبزرویٹری ویلز بنائے جائیں گے جبکہ سری نگر ہا ئی وے اور اسلام آباد ہا ئی وے کے گرین ایریاز کیلئے سپرنکلنگ سسٹم شروع کیا جائیگا جس سے پانی کے ضیاع کو روکنے میں مدد ملے گی ۔اس مقصد کیلئے 57 ملین روپے کا پی سی ون تیار کر کے جون کے تیسرے ہفتے میں پیش کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ۔ منصوبے کے لیے ڈپٹی ڈی جی واٹر مینجمنٹ سردار خان ضمری اور پی سی آر ڈبلیو آر کے سینئر آفیسر ڈاکٹر نوید اقبال کو فوکل پرسن بھی نامزد کر دیا گیا۔ میٹنگ کے دوران اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹن میں جدید واٹر مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں بارش کے پا نی کو محفوظ کرنے کیلئے نجی شعبوں سے معاونت کا بھی جا ئزہ لیا گیا، اجلاس میں اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں واقع دو چھوٹے ڈیمز کی مرمت کیلئے بھی پی سی آر ڈبلیو آرسے معاونت کا فیصلہ کیا گیا۔ میٹننگ میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ شہر اقتدار کے پانی کے مسائل حل کر نے کیلئے پی سی آر ڈبلیو آر سے معاونت لی جا ئے گی۔