ڈپٹی کمشنرنےویکسی نیشن نہ کرنیوالےسرکاری ملازمین کی تنخواہیں بندکرنےکاعندیہ دیدیا

June 14, 2021

ملتان(سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ نے کورونا ویکسی نیشن نہ کرانے والوں کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ویکسی نیشن نہ کرانیوالے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بند کرنے کا سگنل دے دیا ہے۔ویکسی نیشن مہم کے فوکل پرسن و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر رانااخلاق احمد نے تمام سرکاری ملازمین کو جمعرات تک ویکسی نیشن کرانے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمعرات تک کورونا ویکسی نیشن نہ کرنے والے ملازمین کے خلاف کاروائی شروع کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ تمام افسران اپنے محکموں کے ملازمین کی ویکسی نیشن بارے سرٹیفکیٹ ڈی سی آفس جمع کرائیں گے۔اس کے علاوہ اس حوالے سے نادرا سے بھی ڈیٹا حاصل کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ کورونا ویکسی نیشن نہ کرانے والے ملازمین کی تنخواہیں روک لی جائیں گی۔علاوہ ازیں ویکسی نیشن نہ کرانے والے عام شہریوں کو بھی سماجی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،حکومت ویکسی نیشن نہ کرانیوالوں کے شناختی کارڈ اور موبائل سمز بلاک کردینے بارے غور کررہی ہے،بتایا گیاہے کہ گزشتہ روز اتوار کی چھٹی کے باوجود کمشنر و ڈی سی آفس،واسا،پی ایچ اے کے ملازمین کی رضا ہال اور محکمہ ایکسائز اور کڈنی سنٹر کے ملازمین کی ویکسی نیشن ان کے دفاتر میں کی گئی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع میں 11936 افراد کی کورونا ویکسی نیشن کی گئی جبکہ ضلع ملتان میں ا ب تک2 لاکھ62 ہزار680 افراد کی کورونا ویکسی نیشن کی جا چکی ہے ۔