سجل علی اور احد رضا میر کی ویب سیریز کا ٹریلر ریلیز

June 15, 2021

معروف شوبز جوڑی احد رضا میر اور سجل علی کی ویب سیریز ’دھوپ کی دیوار‘ کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے۔

ٹریلر زی فائیو کے پلیٹ فارم پر ریلیز کیا گیا جسے بعد ازاں احد اور سجل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر شیئر کیا۔

’دھوپ کی دیوار‘ کے 2 منٹ اور 46 سیکنڈ کے ٹریلر میں بھارت کی جموں کشمیر میں انتہا پسندی کو دکھایا گیا ہے اور پھر بعد میں احد اور سجل کی بٹرھتی دوستی کی جھلک دکھائی گئی ہے۔

سجل علی نے ٹریلر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ جنگ کون جیتتا ہے ، ہر صورت میں دونوں ممالک کو خسارے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘


ویب سیریز کے حوالے سے انہوں نے مکھا کہ ’جب سب کچھ الگ ہوجاتا ہے تو ، وہ کیا منتخب کریں گے: نفرت یا دل۔‘

ویب سیریز ’دھوپ کی دیوار‘ میں سجل علی نے ایک پاکستانی فوجی کی بیٹی سارہ کا کردار ادا کیا ہے جبکہ احد رضا میر ہلاک بھارتی فوجی کے بیٹے ویشال کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

پاکستان کی ہر دلعزیز اداکار جوڑی سجل علی اور احد رضا میر کے مداحوں کا اپنی پسندیدہ جوڑی کو ایک ساتھ اسکرین پر دیکھنے کے لیے کیا گیا انتظار اب بس ختم ہونے کو ہی ہے۔

واضح رہے کہ سجل علی اور احد رضا میر کی سیریز ’دھوپ کی دیوار‘ کو معروف مصنفہ و اسکرپٹ رائٹر عمیرہ احمد نے لکھا ہے جبکہ اس ڈرامے کے ہدایتکار حسیب حسن ہیں۔