شراب خانے سے بھتہ وصولی، سابق ڈی ایس آر کی بحالی کا فیصلہ معطل

June 16, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے لیاری سے شراب خانے سے 60 ہزار روپے بھتہ وصولی سے متعلق سروسز ٹربیونل کا رینجرز کے سابق ڈی ایس آر کی بحالی کا فیصلہ معطل کردیا، منگل کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل تین رکنی بینچ نے رینجرز کے سابق ڈی ایس آر بشارت علی کے خلاف بھتہ خوری سے متعلق سروسز ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف رینجرز کی اپیل پر سماعت کی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے موقف دیا کہ سابق ڈی ایس آر بشارت پر الزامات کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بنائی گئی تھی، انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں بشارت علی کو برطرف کیا گیا تھا، سروس ٹربیونل نے بشارت علی کو بحال کرنے کا حکم دیا تھا، عدالت نے سروسز ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف رینجرز کی اپیل پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سروسز ٹربیونل کا ڈی ایس آر کی بحالی کا فیصلہ معطل کردیا، سابق ڈی ایس آر بشارت علی کے مطابق رقم اہلکار امداد نے وصول کی تھی، اہلکار امداد نے اپنے بیان میں خود اعتراف کیا۔