لندن ایئرپورٹ کے باہر قائم ہوٹل میں جیل جیسا قرنطینہ

June 18, 2021


لندن ایئرپورٹ کے باہر قائم ہوٹل میں قرنطینہ سینٹر جیل کا منظر پیش کررہا ہے، مسافروں کو گارڈز کی کڑی نگرانی میں ورزش کے لئے ایک قطار میں چلتے دیکھا جاسکتا ہے، انہیں کسی سے بات چیت تک کرنے کی اجازت نہیں ہے، راہ گیروں کی ایک شخص سے بات کرنے کی کوشش پر سیکیورٹی گارڈ سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے باہر قائم ہوٹل میں قرنطینہ میں موجود مسافروں کو جیل جیسے حالات میں قید دیکھا جاسکتا ہے۔

راہ گیروں کا کہنا ہے کہ یہ قیدی نہیں ہیں، یہ ان کا حق ہے، آپ انہیں ہم سے بات کرنے سے نہیں روک سکتے۔

لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ کے باہر قائم ہوٹل میں قرنطینہ میں موجود مسافروں کو جیل جیسے حالات میں قید رکھنے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ہوٹل کے باہر سے گزرنے والے راہ گیروں کی قرنطینہ میں موجود ایک شخص سے بات کرنے کی کوشش کے دوران سیکیورٹی گارڈ کی مزاحمت پر تلخ کلامی ہوگئی۔

راہ گیروں کی باڑ کی دوسری جانب قرنطینہ میں موجود ایک شخص سے گفتگو کے دوران قرنطینہ میں موجود شخص نے انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں ہمیں کڑی نگرانی میں رکھا گیا ہے، ہر فلور پر سیکیورٹی گارڈز موجود ہیں۔

ویڈیو میں مسافروں کو گارڈز کی کڑی نگرانی میں ورزش کے لئے ایک قطار میں چلتے دیکھا جاسکتا ہے۔