کورونا کیسز میں کمی خوش آئند، عوام ایس او پیز پر عملدرآمد ترک نہ کریں، پی ایم اے

June 18, 2021

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے کورونا کیسز میں کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ ماسک لگانا اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے کو ترک نہ کریں، پی ایم اے کا کہنا ہے ایس اوپیز پر عمل نہ کیا گیا تو چوتھی لہر کا خدشہ ہوسکتا ہے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے ملک میں کورونا کے کیسز میں کمی خوش آئند ہے کورونا کیسز اور اموات میں نمایاں کمی سامنے آئی ہے۔

وینٹی لیٹرز پر بھی کورونا مریضوں کی تعداد کم ہوئی ہے لیکن ہمیں ابھی بھی ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا تو کورونا کی چوتھی لہر کا خدشہ ہوسکتا ہے۔

پی ایم اے کا کہنا ہے اس وقت ملک میں کورونا وائرس کی یو کے، ساؤتھ افریقہ، برازیلین اور بھارتی اقسام موجود ہے، اس وقت ویکسین کورونا کی بھارتی قسم کے خلاف تحفظ فراہم نہیں کرسکتی، عوام سے ہاتھ جوڑ کر التماس کرتے ہیں احتیاطی تدابیر اختیارکریں عوام الناس ماسک لگانا اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے کو ترک نہ کریں۔