چند واقعات پر تمام علماء کو برابھلا کہنا درست نہیں، طاہر اشرفی

June 19, 2021


کراچی (ٹی وی رپورٹ )جیو کے مارننگ شو’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہر اشرفی نے کہاہے کہ چند واقعات پر سب علماء کوبرابھلا کہنا درست نہیں۔مجرموں اور ظالموں کو لٹکانا ریاست اور علماء دونوں کی ذمہ داری ہے،رہنما پاکستان تحریک انصاف سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں ایوان کی کارروائی کے معاملات طے پاتے ہیں،جب بھی معاملات طے پائے اپوزیشن نے ان کی خلاف ورزی کی،ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر سیما کامل نے کہا کہ عورت ہونے کی بنیادپربالغ بیٹی کی گارنٹی بینک میں قبول نہ کرنا ناقابل برداشت ہے۔لاہور مدرسے میں مفتی عزیزالرحمان کی بچے سے زیادتی کے واقعہ پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ طاہر اشرفی نے کہاکہ اساتذہ اور طلباء بھی انسان ہیں ۔بلاشبہ ان پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ان کو بہت زیادہ احتیاط کر نی چاہیے۔لیکن جس طرح باقی جگہوں پر واقعات ہوتے ہیں اسی طرح مدارس میں بھی ہوجاتے ہیں۔میں اس فعل کی توجیح نہیں دے رہا، یہ بالکل غلط ہوتا ہےلیکن ایک فرد کا عمل پوری کمیونٹی کا عمل نہیں سمجھاجاناچاہیے۔علماء اور مشائخ کو ایسے عمل کی صرف مذمت نہیں کرنی چاہیے،بلکہ انہیں چاہیے کہ اس پر کھل کر بات کریں۔لوگوں کو آگاہی دیں ۔پاکستان علماء کونسل نے کئی بار کہا ہے کہ ہمیں اپنے بچوں کو آگاہی دینی چاہیے،ان کا خیال رکھنا چاہیے ۔