سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 565 کیسز، 13 اموات

June 19, 2021

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 565 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اس وبا کا شکار ہوکر مزید 13 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10825 ٹیسٹ کیے جانے پر 565 نئے کیسز سامنے آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے مزید 13 افراد انتقال کر گئے۔

انھوں نے بتایا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 5327 ہوگئی ہے، جو اموات کی شرح کا 1.6 فیصد ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اب تک 4365228 ٹیسٹ کرائے گئے جن کے نتیجے میں 331642 کیسز سامنے آئے، ان میں سے 92.6 فیصد یعنی 307067 مریض صحتیاب ہوگئے ہیں جن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صحتیاب ہونے والے 1134 مریض بھی شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ اس وقت 19248 مریض زیر علاج ہیں ان میں سے 18616 گھروں میں، 33 آئسولیشن مراکز میں اور 599 مختلف اسپتالوں میں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 543 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں 48 کو وینٹی لیٹرز پر منتقل کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیان کے مطابق 565 نئے کیسوں میں سے 332 افراد کا تعلق کراچی سے ہے جن میں ضلع شرقی 119، ضلع جنوبی 59، ضلع کورنگی 56، ضلع وسطی 52، ضلع ملیر 31 اور ضلع غربی 15 شامل ہیں۔

اسی طرح حیدرآباد میں 45، سانگھڑ 27، شہید بینظیرآباد 19، جامشورو 17، سجاول 14، قمبر 13، مٹیاری 11، دادو 10، نو شہروفیروز 9، تھرپارکر 8، جیکب آباد 7، ٹنڈو الہیار 5، ٹنڈو محمد خان 4، کشمور 3، عمرکوٹ 2، گھوٹکی، لاڑکانہ اور سکھر سے 1-1 کیس رپورٹ ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں۔