پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کا کہنا ہے کہ میں اچھی یادوں کے ساتھ واپس جا رہا ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بگ بیش لیگ کی ٹیم سڈنی سکسرز نے بابر اعظم کا بیان شیئر کیا ہے۔ جس میں انہوں نے کہا کہ سڈنی سکسرز کے فینز کا شکریہ، انہوں نے سپورٹ کیا۔
بابر اعظم کا کہنا ہے کہ میں سڈنی سکسرز کے کوچز اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں یہاں بہت لطف اندوز ہوا ہوں، بدقسمتی سے مجھے نیشنل ڈیوٹی کی وجہ سے ٹیم چھوڑنا پڑ رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں بگ بیش لیگ کی ٹیم سڈنی سکسرز نے بابر اعظم کے باقی میچز کے لیے عدم دستیابی کا اعلان کیا تھا۔
سڈنی سکسرز کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کو فوری طور پر پاکستان ٹیم کے کیمپ کے لیے طلب کیا گیا ہے، ان کو اگلی اسائنمنٹس کے لیے لگائے جانے والے کیمپ کے لیے واپس بلایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سڈنی سکسرز کا کل چیلنجر فائنل ہوبارٹ ہیوریکینز کے ساتھ شیڈول ہے، چیلنجر جیتنے والی ٹیم بی بی ایل کے فائنل میں اتوار کو پرتھ اسکارچرز سے مقابلہ کرے گی۔