• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کو وفاق کا حصہ بنایا جائے، 18ویں ترمیم ختم کی جائے، ایم کیو ایم نے مطالبہ کردیا

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

رہنما ایم کیو ایم پاکستان اور وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے اسٹیبلشمنٹ سے کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے کا مطالبہ کردیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کو وفاقی دارالحکومت کا حصہ بنایا جائے، کراچی اب ایسی ایڈمنسٹریشن کے حوالے رہنے کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ 18 ترمیم ہمیں مار رہی ہے، ہماری نسل کشی کررہی ہے، 18ویں ترمیم کا ڈرامہ ختم ہونا چاہیے یہ ملک کے لیے ناسور بن گئی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم میں دیئے گئے اختیارات ہماری فلاح کے لیے استعمال نہیں ہورہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی والے کتنے حادثات اور برداشت کریں، کتنی لاشیں اور اٹھائیں، کتنے اور لوگ جل کر مریں، کتنے مزید بچے گٹر میں گر کر مریں؟؟

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بتایا جائے ہماری داد رسی کب ہوگی؟ لوگوں کو کیا تسلی دیں؟ 18 سال سے آپ لوگوں کی حکمرانی ہے، سندھ حکومت سے جب شکایت کریں تو جواب آتا ہے بلدیہ فیکٹری کی آگ کا جواب دو، بھتا خوری کا جواب دو، کیا اس کا جواز یہ ہے؟

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ جو چاہیں کریں، ان سے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، ریاست سے دو باتیں کہتا ہوں، اب بہت ہوچکا، یہ نہیں سدھریں گے۔

قومی خبریں سے مزید