علاقائی ترقی اور خطے میں خوشحالی کیلئے پارلیمانی تعاون ناگزیر ہے، اسد قیصر

June 22, 2021

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ علاقائی ترقی اور خطے میں خوشحالی کیلئے پارلیمانی اور کثیر الجہتی تعاون ناگزیر ہے، آذربائیجان،پاکستان ، ترکی سہ فریقی پارلیمانی تعاون فورم کے قیام پر آذربائیجان کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئےسپیکر نے کہا کہ یہ فورم برادر ممالک کے مابین قریبی اور خوشگوار پارلیمانی روابط کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، آذربائیجان کی سپیکر صاحبہ گفاروہ سے ٹیلیفونک رابطے میں اسد قیصر نے کہا کہ دوست ممالک کے پارلیمان کے مابین تعاون کو بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور پارلیمانی فرینڈشپ گروپس اس سلسلے میں ایک موزوں فورم ثابت ہوسکتے ہیں،انہوں نے سیاسی و معاشی تعلقات کی ترقی کیلئے پاکستان اور آذربائیجان کے بین پارلیمانی تعلقات میں قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے اس طرح کے فورمز کا اہتمام اہمیت کا حامل ہے، سپیکر نے سہ فریقی پارلیمانی تعاون پلیٹ فارم کے پہلے اجلاس میں شرکت کیلئے دعوت نامہ بھجوانے پر ملی مجلس آذربائیجان کی سپیکر کاشکریہ ادا کرتے ہوئے برادر ممالک کے مابین پارلیمانی تعلقات کو مزید تقویت دینے کیلئے مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔