سندھ اسمبلی میں متحدہ کے ارکان کا احتجاج، ایوان میں نعرے

June 23, 2021

سندھ اسمبلی میں بجٹ بحث کے پانچویں روز ایم کیو ایم پاکستان نے بجٹ تقاریر میں حصہ تو لیا تاہم ایوان میں شدید احتجاج بھی کیا اور اسپیکر ڈائس کے سامنے دھرنا دے دیا۔

متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر کنور نوید جمیل نے کہا کہ ایم کیو ایم سندھ کے بجٹ کو مسترد کرتی ہے بجٹ میں کراچی کو نظر انداز کیا گیا۔

کنور نوید جمیل نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی سے 4 سو ارب جمع کرتی ہے لیکن شہر کو دیتی کچھ نہیں ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین نے ایوان میں نعرے لگائے اور بینرز لے کر دھرنا دے دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایم کیو ایم ارکان سے بیٹھنے اور بات سننے کی درخواست کی۔

کنور نوید جمیل نے کہا حکومت کا رتبہ ماں کے برابر ہوتا ہے، لیکن موجودہ حکومت کا رویہ سوتیلی ماں کا نہیں ڈائن کا ہے۔