بیرون ملک سفر کرنے والوں کی ویکسی نیشن کیلئے محکمہ صحت کا معاہدہ

June 24, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر صحت و بہبود آبادی سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی ہدایات پر محکمہ صحت سندھ نے بیرون ملک سفر کرنے والوں کی سہولت اور آسانی کے لئے جیریز ویزا سروس کے ساتھ ایک یادداشت نامے پر دستخط کیے ہیں۔ جس کے تحت تعلیم، تجارت، مذہبی رسومات اور دیگرا غراض سے بیرون ملک جانے والوں کو ویزا مراحل طے کرنے کے دوران ویکسی نیشن بھی کی جا سکے گی۔ اس سلسلے میں بدھ کوصوبائی وزیر صحت سندھ کی موجودگی میں محکمہ صحت سندھ اور جیریز کے وفود کے درمیان ایک یاداشت نامے پر دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کے اس سہولت سے بیرون ملک جانے والوں اور دیگر سفری دستاویزات کے ساتھ مصدقہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بھی مہیا ہوسکے گا۔یادداشت نامے پر دستخط کے موقع پر سیکریٹری صحت سندھ ڈاکٹر کاظم جتوئی، پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت قاسم سراج سومرو اور دیگر بھی موجود تھے۔