اقلیتی برادری بلا تفریق رنگ و نسل پاکستانی ہے، کامران مائیکل

July 05, 2021

لزبن ( سرفراز فرانسس )سابق وفاقی وزیر سینیٹر کامران مائیکل نے کہاہے کہ پاکستان کے طول و عرض میں بسنے والی اقلیتی برادری بلاتفریق رنگ و نسل سب سے پہلے پاکستانی ہیں ،پاکستان کی تعمیر وترقی اور عزت و ناموس سب سے مقدم ہے ، ملک کے ہر کونے میں آباد اقلیت کو مساوی حقوق کی فراہمی اولین ترجیح رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسیحی رہنما سرفرانسس وکی اور دیگر کے ہمراہ پارا چنار میں بسنے والی اقلیتی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لئے پارا چنار کے دورے کے موقع پر کیا ۔اس موقع پر پادری عرفان جیمس ، پادری دلدار مسیح ، ملک جیمس اور کمیونٹی رہنماؤں نے سینیٹر کامران مائیکل کا پر تپاک استقبال کیا ۔مسیحی کمیونٹی رہنماؤں نے پارا چنار میں بسنے والے مسیحیوں کے مسائل جن میں کیٹیگری اے ڈومیسائل کے اجرا، میونسپل کمیٹی کے ملازمین کی تنخواہوں کی بندش کے ساتھ ساتھ پنشن کی وصولی میں دقت جیسے مسائل سے آگاہ کیا ۔برادری کو درپیش مسائل کی بابت سینیٹر کامران مائیکل کا کہنا تھا ہم سب پاکستانی ہیں اور تمام اقلیتوں کو برابری کے حقوق ملنے چاہئے اور اس مسئلہ کو متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور دیگر اتھارٹیز سے مل کر حل کریں گے ۔ سابق وفاقی وزیر سینیٹر کامران مائیکل نے پارا چنار میں مسیحی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کمانڈر پارا چنار بریگیڈیئر نجف عباس اور ڈپٹی کمشنر پارا چنار آفاق وزیر سے بھی ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران فاٹا میں بسنے والی اقلیتوں کے مسائل پر بات چیت ہوئی۔اس موقع پر کمانڈر پارا چنار کا کہنا تھا کہ ہم مل جل کر پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں اور پارا چنار میں بسنے والی اقلیتوں کی خدمات کو سراہتے ہیں ۔انہوں نے اس ضمن میں ہرممکن تعاون کی یقین دہائی بھی کروائی جبکہ ڈپٹی کمشنر آفاق وزیر کا کہنا تھا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور ہم سب مل جل کر پاکستان کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں اور اقلیتوں کو درپیش ہر قسم کے مسائل کو فوری حل کیا جائے گا۔ مسیحی رہنما سرفرانسس وکی نے کہاکہ اقلیتی برادری کے مسائل کاجائزہ لینے کے لیے پارا چنار جیسے دورافتادہ علاقے کا کسی مسیحی سیاسی رہنما کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا دورہ ہے جسے کمیونٹی نے سراہا ہے ۔