چین پاکستان کا آہنی دوست ہے اسے معاشی قوت بننے میں مدد دیں گے

July 06, 2021

ج۔م

چین کے پاکستان میں سفیر مسٹرنونگ رونگ سے چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ اینڈ ڈویلپمنٹ مینجمنٹ کمپنی ( فیڈمک) میاں کاشف اشفاق نے ملاقات کی ،ملاقات میں سی پیک کے تحت فیصل آباد میں چینی سرمایہ کاری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس ملاقات میں چینی سفارتخانے کے اکنامک اینڈ کامرس سیکشن کے سیکنڈ سیکرٹری ’لیو روئی‘ بھی موجود تھے۔

چین کے سفیر نے سی پیک کے تحت بننے والے فیڈمک کے فیصل آباد موٹر وے پر قائم اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کی ڈویلپمنٹ کو سراہا. انہوں نے چائنیز انڈسٹری کی ’ری لوکیشن‘کے لئے عملی اقدامات تیز کرنے پر زور دیااور کہا کہ فیڈمک کے اکنامک زون میں چینی سرمایہ کاری کے لئے ’ویبی نارز‘کا سلسلہ جلد شروع کیا جائے گا۔

مسٹر نونگ رونگ کا کہنا تھا کہ چینی سرمایہ کاری کے معاملات کو حتمی شکل دینے کے لئے فضائی آمدورفت بحال ہوتے ہی چینی کمپنیوں کے وفود ہنگامی بنیادوں پر پاکستان کے دورے کریں گے۔ چئیرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق کو یقین دہانی کروائی کہ وہ اسی ماہ فیڈمک کے فیصل آباد موٹروے پرقائم علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا دورہ کریں گے چین کے سفیر اس دورے میں فیڈمک کے دفترون ونڈو سنٹر اور اکنامک زونز کا جائزہ لیں گے،اپنے فیصل آبادکے دورہ کے دوران چین کے سفیر فیڈمک کے اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کرنے والے چینی سرمایہ کاروں اور مقامی صنعتکاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے چینی سرمایہ کاروں کے لئے خصوصی ون ونڈو سنٹر قائم کرنے پر چینی سفیر کی فیڈمک کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فیڈمک کی بدولت چینی سرمایہ کاری پاکستان میں آرہی ہے۔

چئیرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے چینی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فیڈمک اکنامک زونز کی ڈویلپمنٹ کے حوالے سے پاکستان کی سب سے بڑی کمپنی بن چکی ہے۔

وفاقی اور صوبائی حکومت پنجاب کے سب سے بڑے اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کی ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، میاںکاشف اشفاق نے کہا کہ فیڈمک کے ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں متعدد چینی کمپنیاں کام کر رہی ہیں، اور چین سے انڈسٹری کی ری لوکیشن کے لئے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں ایک ہزار ایکڑ پر مشتمل خصوصی بلا ک کی ڈویلپمنٹ تیزی سے جاری ہے اور یہاں چینی سرمایہ کاری سے قائم انڈسٹری سے ہزاروں لوگوں کو روزگار ملا ہے اور مزید چینی سرمایہ کاری سے مستقبل میں ملازمتوں میں اضافہ ہوگا جس سے ملک میں نہ صرف بے روزگاری میں کمی آئے گی بلکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا۔

میاں کاشف اشفاق نے چینی سفیر مسٹر نونگ رونگ کا پاکستان میں چینی سرمایہ کاری میں دلچسپی لینے پر,ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین نے ہمیشہ ہر آڑے وقت میں پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے جس ہر ہم چین کے شکر گزار ہیں۔

میاں کاشف اشفاق نے مزید بتایا کہ پاکستان میں یوں تو کئی انڈسٹریل زونز ہیں لیکن اس زون کی خوبی یہ ہوگی کہ یہاں ون ونڈو کے تحت بنیادی تمام سہولیات سرمایہ کاروں کو فراہم کی جائیں گی یہی وجہ ہے کہ انتہائی کم عرصے میں ایریا پاکستان کا حب بننے جارہا ہے جہاں نہ صرف پاکستان کے سرمایہ کار بلکہ باہر کے ممالک سے بڑے بڑےگروپ ہم سے رابطہ کر رہے ہیں۔

اپنی اپنی انڈسٹری لگانے کے لئے یہاں رقبہ لے رہے ہیں ان میں آٹو سیکٹر، سٹیل ،پلاسٹک ،کیمیکل ،گلاس ،ٹیکسٹائل ،لیدر اور دیگر شعبہ جات شامل ہیں ،ان سے ایک طرف بھاری سرمایہ کاری آئے گی اور وہ اشیاٗ جو ہم باہرسے منگواتے ہیں ان پر بھاری زرمبادلہ خرچ ہوتا ہے ،وہ یہاں کئی گنا سستی تیار ہوسکیں گی ،ان پر ٹیکس سے حکومت کی آمدنی میں اضافہ ہو گا اور دوسری طرف سب سے بڑا فائدہ یہاں مقامی افراد کو روز گار میسر آئے گا ہمارے عام آدمی کے علاوہ ہمارے انجنیئرز ٹیکنشین کو بھی روز گار ملے گا یہ اصل میں ہمارا سب سے بڑا کام ہے جو ہم اپنے قوم وملک کو دینے جارہے ہیں اس سے ملک میں مقامی اشیاٗ کی معیاری تیاری ممکن ہو سکے گی۔

میاں کاشف اشفا ق نے اس موقع پر وزیر ا علیٰ پنجاب عثمان بزدار ،گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی کاوشوں کو سراہا کہ وہ جب انکی ضرورت ہو ان کے کام آئے سرکاری معاملات کو نمٹانے میں مدد کی اور یہی وجہ ہے انتہائی کم ترین مدت میں فیڈمک کو موٹر وے سے ملانے، بجلی گیس کی دستیابی ممکن بنانے میں مدد ملی اور یہی تعاون جاری رہا تو آئندہ دو سا ل میں ہم یہاں نہ صرف تمام ترقیاتی کام مکمل کر چکے ہوں گے بلکہ نئی بے شمار صنعتیں لگا کر پیداوار کے ساتھ روز گار فراہم کرنے لگ جائیں گے یہی ہماری کامیابی ہے۔