قطر کے دارالحکومت دوحہ میں آج صبح 6 بج کر 38 منٹ پر زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد سیکیورٹی ادارے فوری طور پر متحرک ہو گئے۔
قطر کی وزارتِ داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیکیورٹی خطرہ ختم کر دیا گیا ہے اور صورتِ حال اب معمول پر آ چکی ہے، تاہم شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ حکام کی جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل کریں۔
قطری وزارتِ دفاع کے مطابق مسلح افواج نے ملک کو نشانہ بنانے والے میزائل حملے کو بروقت ناکام بنا دیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق دوحہ میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جبکہ ایک روز قبل بھی قطری دارالحکومت میں اسی نوعیت کی آوازیں گونجی تھیں۔
قطر سمیت خلیجی ممالک حالیہ دنوں میں ڈرونز اور میزائل حملوں کی زد میں رہے ہیں، جس کے باعث خطے میں سیکیورٹی کی صورتِ حال انتہائی کشیدہ ہو چکی ہے۔
ماہرین کے مطابق خلیجی خطہ تیزی سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کی لپیٹ میں آ رہا ہے اور آنے والے دنوں میں صورتِ حال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔