زندگی مشکل ہوسکتی ہے، ہمیں ہار نہیں ماننی: ہانیہ عامر

July 10, 2021

پاکستان کی خوبرو اداکارہ و ماڈل ہانیہ عامر نے سوشل میڈیا پر اپنے چاہنے والوں کے لیے معنی خیز پیغام جاری کیا ہے۔

ہانیہ عامر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اداکارہ کو ورک آؤٹ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔


انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں ہانیہ عامر کے ساتھ اُن کی دوست اور اداکارہ مریم انصاری بھی موجود ہیں جو ورک آؤٹ میں اُن کی مدد کررہی ہیں۔

ہانیہ عامر نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’زندگی مشکل ہوسکتی ہے لیکن آپ کو ہار نہیں ماننی ہے اور نہ ہی اسے اپنے اوپر حاوی ہونے دینا ہے۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’آپ خود کو ایسے لوگوں کے ساتھ رکھیں جو آپ کو مشکلات سے نکلنے اور زندگی میں آگے بڑھنے میں مدد کرتے ہیں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’ایسے لوگوں کے ساتھ رہیں جو آپ سے محبت کرتے ہیں۔‘

آخر میں اُنہوں نے لکھا کہ ’یہ تعریفی پوسٹ، میری دوست مریم انصاری کے لیے ہے۔‘

واضح رہے کہ ماضی میں عاصم اظہر اور ہانیہ عامر کے درمیان گہری دوستی قائم تھی بعد ازاں دونوں نے راہیں جدا کرلی تھیں جس کے بعد گلوکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

اب تقریباً ڈیڑھ برس بعد گزشتہ دنوں ہانیہ عامر اور عاصم اظہر میں سوشل میڈیا پر لفظی جنگ جاری رہی۔

عاصم اظہر اور ہانیہ عامر کی سوشل میڈیا پر جاری لفظی جنگ کے دوران کچھ سوشل میڈیا صارفین نے گلوکار کا ساتھ دیا تو کچھ نے اداکارہ کی حمایت کی۔