بلوچستان میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح میں کمی

July 23, 2021

بلوچستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے پھیلاؤ کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، صوبے میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح 8.5 فیصد سے کم ہوکر 7 فیصد ہوگئی جبکہ کوئٹہ میں شرح تین فیصد سے کم ہوکر ایک فیصد ہوگئی۔

24 گھنٹوں کے دوران صوبے کےچار اضلاع سے کورونا کے 63 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ کورونا میں مبتلا ایک اور مریض انتقال کرگیا۔

محکمہ صحت بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو صوبے کے چار اضلاع میں 905 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے نتیجے میں 63 مثبت کیسز سامنے آئے۔

سب سے زیادہ 45 مثبت کیسز ضلع کیچ، 8 کیسز ضلع گوادر سے رپورٹ ہوئے جبکہ ضلع خضدار اور کوئٹہ سے پانچ پانچ کیسز سامنے آئے۔

محکمہ صحت کے مطابق ضلع کوئٹہ میں کورونا کے 736 ٹیسٹ کئے گئے، کوئٹہ میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح 1فیصد رہی۔

صوبے میں کورونا میں مبتلا ایک اور مریض کے انتقال کے بعد کورونا سے جان بحق افراد کی تعداد322 ہوگئی، چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے کے 29 اضلاع میں کورونا کا کوئی ٹیسٹ رپورٹ نہیں ہوا۔