یورو فٹبال کی وجہ سے فوڈ اینڈ ڈرنکس، ریٹیل سیلز میں اضافہ

July 24, 2021

لندن (پی اے) برطانیہ میں مئی اور جون کے درمیان یورو 2020 فٹبال ٹورنامنٹ کی وجہ سے ریٹیل سیلز میں اضافہ ہوا۔ لاکھوں افراد نے یورو فٹبال ٹورنامنٹ کو دیکھا تھا۔ آفس فار نیشنل سٹیٹیسٹکس (او این ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق مئی میں کمی کے بعد ماہ بہ ماہ ریٹیل سیلز میں 0.5 فیصد اضافہ ہوا۔ تازہ ترین ڈیٹا میں بتایا گیا کہ برطانیہ بھر میں یورو فٹبال ٹورنامنٹ سے شائقین فٹبال کی بڑی تعداد کے لطف اندوز ہونے کی وجہ سے فوڈ اینڈ ڈرنکس سیلز میں اضافہ ہوا ہے۔ جون میں فروری 2020 میں کورونا وائرس کوویڈ 19 پینڈامک سے پہلے کے مقابلے میں ریٹیل سیلز 9.5 فیصد زیادہ تھی۔ جون میں ریٹیل سیلز میں سب سے زیادہ اضافہ فوڈ شاپس کی وجہ سے ہوا، جن کا سیلز کنٹری بیوشن 4.2 فیصد تھا۔ مئی میں سپر مارکیٹ سیلز میں کمی ہوئی تھی، کیونکہ شاپرز نے ہاسپٹیلٹی سیکٹر سے کچھ کوویڈ 19 رولز پابندیاں ختم ہونے کے بعد باہر کھانے کا انتخاب کیا تھا۔ او این ایس کا کہنا ہے کہ کچھ ریٹیلرز کے تاثرات سے معلوم ہوا ہے کہ جون میں یورو 2020 فٹ بال چیمپین شپ کے آغاز سے فوڈ اینڈ ڈرنکس سیلز میں مثبت اضافہ ہوا تھا۔ اس کے برعکس مئی اور جون کے درمیان نان فوڈ شاپس کی فروخت میں 1.7 فیصد کمی واقع ہوئی تھی۔ فرنیچر اور لباس کی ڈیمانڈ میں زبردست کمی ہوئی۔ او این ایس کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی فروخت 2.3 فیصد بڑھ گئی، کیونکہ پابندیوں میں نرمی کے بعد لوگوں کے سفر میں اضافہ ہو گیا تاہم اس کا کہنا ہے کہ آٹوموٹیو فیول کی فروخت بدستور کورونا وائرس پینڈامک سے پہلے کی سطح سے 2.1 فیصد کم ہے۔ او این ایس کا کہنا ہے کہ جون کیلئے مجموعی فروخت ریٹیل میں متوقع 0.1 فیصد کمی کے مقابلے میں بہتر رہی ہے۔ لائیڈز بنک کے ریٹیل اینڈ کنزیومر گڈز ہیڈ ایلڈ پیچٹ نے کہا کہ ریٹیلرز یہ امید کر رہے ہیں کہ جون ان کی توقعات کے مطابق صورت حال کو بدلنے کا آغاز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب سب کی نگاہیں برطانیہ بھر میں سوسائٹی کے بتدریج کھلنے پر مرکوز ہیں۔ کورونا پابندیوں میں نرمی اور شہریوں کی سٹی سینٹر کے دفاتر میں واپسی ریٹیل سیکٹر کیلئے خوش خبری ہونی چاہئےلیکن ورکرز کے سیلف آئسولیشن اختیار کرنے کا مطلب یہ ہے کہ بہت سے بزنسز ایسے موقع پر سٹاف کی کمی کی رپورٹ دے رہے ہیں، جب ڈیمانڈ عروج پر جاتی دکھائی دے رہی ہے۔ او این ایس کے مطابق کورونا پابدیوں میں نرمی کے باوجود لوگوں نے آن لائن خریداری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہےلیکن مئی اور جون کے درمیان لباس کے سوا تمام شعبوں میں اخراجات میں 4.7 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ آن لائن ریٹیل سپینڈنگز کا مجموعی تناسب مئی میں 28.4 فیصد سے کم ہو کر 26.7 فیصد پر آ گیا۔ یہ مسلسل چوتھے ماہ کمی ہو ئی ہے۔ او این ایس نے کہا کہ ریٹیلرز کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس رولز میں نرمی نے آن لائن سیلز کو متاثر کیا ہے، کیونکہ اب لوگ خریداری کیلئے خود سٹورز پر واپس آ رہے ہیں۔