اصل ناراض بلوچستان میں بیٹھے ہیں، سہولتیں دیں، مسئلہ حل، جام کمال

July 24, 2021

کوئٹہ/اوتھل/سوراب، حب(خ ن/نامہ نگاران/نیوز ایجنسیاں )وزیراعلیٰ بلوچستان نواب جام کمال خان نے کہا ہے کہ باہر بیٹھے ناراض تو الگ بڑا ناراض بلوچ تو یہاں بلوچستان میں بیٹھا ہے جن کے پاس سہولت نہیں وہی ناراض ہیں اور انکی ناراضی تب ختم ہوگی جب ان کے پاس سہولتیں میسر ہونگی اب نعرے لگا کر لوگوں کو ورغلایا نہیں جاسکتا اب لوگ حقیقت میں ترقی چاہتے ہیں تنگ نظری کی سیاست نے صوبے کا نقصان کیا ہے،سابق حکومتیں ذمہ داری وفاق پر ڈال کر خود کوئی کارکردگی نہ دکھا سکیں،ملک سے بیٹھے لوگ بھی وطن کو یاد کرتے ہونگے، اپوزیشن کے ایوان میں آنے پر خوشی ہے اپوزیشن کو پیغام دے رہا ہوں کہ ہمیں بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ایک ساتھ ہونا پڑیگا 2023کے انتخابات میں ابھی وقت ہے،حکومت خواہش پر نہیں چلتی ،ایک نظام کے تحت چلانا پڑتا ہے، زمینی حقائق اور اپنے وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کے تحت کام کررہے ہیں ، بلوچستان میں سابق حکومتیں ساری ذمہ داری وفاق پر ڈال کر خود کوئی تسلی بخش کارکردگی نہ دکھا سکیں،اپوزیشن والے کہتے ہیں کہ حکومت کو کام نہیں آتا،اگر لوگوں کوترقی دیناکام نہیں ہےتو پھرہمیں واقعی میں کام نہیں آتا، جو ضلع ہمیں کما کر دیتا ہے سب سے پہلے بنیادی سہولیات اس ضلع کا حق ہے،ایک قوم پرست سیاسی جماعت کو وزیراعظم نے دس ارب روپے دئیے، وہ جواب دیں کہ یہ پیسے کہاں خرچ ہوا ان خیالات کا اظہار انہوں نےکوئٹہ میں مکیڈیا سے گفتگو ،سوراب، اوتھل اور حب میں خطاب کرتے ہوئے کیا، تحصیل کنراج عمر گوٹھ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس علاقے میں روڈ نہیں ہوگا تو وہاں پر آنا جانا مشکل ہوگا اور بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ بھی یہی ہے کہ رسائی نہیں ہے ۔