• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’پہلی بار کسی نے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی ہے‘، بھارتی صحافی محسن نقوی کے معترف

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

معروف بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا نے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی تعریف کر دی۔

وکرانت گپتا نے بھارتی میڈیا پر بنگلادیش کے ٹی 20 ورلڈکپ کھیلنے کے لیے بھارت جانے سے انکار کے بعد کھڑے ہونے والے تنازع کے بارے میں بات کرتے ہوئے  محسن نقوی کی تعریف کردی۔

اُنہوں نے کہا کہ پہلی بار پی سی بی سے کوئی ایسا بندہ آیا ہے جس نے کہا کہ ہم آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر لڑ لیتے ہیں، ماننا پڑے گا کہ وہ بندہ بالکل بھی نہیں ڈر رہا۔

وکرانت گپتا نے کہا کہ محسن نقوی بنگلادیش کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں یہاں تک کہ اُنہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی ٹی 20 ورلڈکپ کی تیاریاں کرنے سے روک دیا ہے۔

اُنہوں نے بھارتی کرکٹ بورڈ کا پاکستان کرکٹ بورڈ سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ دوسری جانب ہمارے یہ لوگ ٹائیاں باندھ کر میچ دیکھنے پہنچ جاتے ہیں بس انہیں میچ دیکھنے کا بہت شوق ہے۔

بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ نے مزید کہا کہ بی سی سی آئی کے حکام کر کیا رہے ہیں؟ کھلاڑیوں سے کہا جاتا ہے کہ وہ ہاتھ نہ ملائیں، جپھی نہ ڈالیں لیکن آپ اپنا کاروبار بند نہیں کریں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی کے حکام بس بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں کہ اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے، یہ کر دیں گے، وہ کر دیں گے، میں کبھی کبھی حیران ہوتا ہوں کہ جب انسان اپنی اتنی بےعزتی کروا لیتا ہے تو کم از کم تھوڑے دن تو اپنے گھر میں چپ چاپ بیٹھتا ہے۔

وکرانت گپتا نے کہا کہ بڑی بڑی باتیں کرنے کے علاوہ یہ لوگ کچھ نہیں کر رہے ہیں اور اس طرح مسائل بالکل حل نہیں ہوں گے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید