سعودی حکومت اور عوام پاکستانیوں کے شانہ بشانہ ہیں ،نواف بن سعید المالکی

July 24, 2021

اسلام آباد (جنگ نیوز) عید الاضحی کے موقع پر ہزاروں خاندانوں میں قربانی کے گوشت کی تقسیم پروگرام کے تحت رابطہ عالم اسلامی کے زیر اہتمام دار علیؓ بن ابی طالب اسلام آباد میں اجتماعی قربانی کے سلسلے میں تقریب ہوئی ،جس میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی ،قمر جہاں فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر جمال ناصر اور ڈائریکٹر جنرل رابطہ عالم اسلامی سعد مسعود الحارثی نے شرکت کی ۔اس موقع پر غریب ، نادار اور یتیموں میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا ۔ رابطہ عالم اسلامی کی طرف سے پاکستان کے مختلف شہروں مانسہرہ ، ہری پور ،نوشہرہ ،پشاور، صوابی ، جہلم اور آزاد کشمیر کے علاقوں باغ اور مظفرآباد وغیرہ کے لیے بھی قربانی کا گوشت بھجوایا گیا ۔راولپنڈی اسلام آباد کے لیے 40گائے کی قربانی کی گئی ۔ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نےکہا کہ پاک سعودیہ دوستی اور برادرانہ تعلقات دن بدن مضبوط اور مستحکم ہو رہے ہیں ، سعودی حکومت اور عوام پاکستانیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ،مستحق و نادار افراد کی خدمت ہمارا مشن ہے۔قمرجہاں فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ سعودی حکومت مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کی ہر ممکن امداد کو سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ، رابطہ عالم اسلامی کی پاکستان اور آزاداکشمیر کے عوام کے لیے فلاحی خدمات لائق ستائش ہے ۔سعودی فرمانروا سلیمان بن محمد پاکستان کے عوام سے محبت رکھتے ہیں ۔پاک سعودی برادارانہ تعلقات اپنی مثال آپ ہیں ۔انہوں نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن العیسیٰ اور سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیارابطہ عالم اسلامی کے ریجنل ڈائریکٹر سعد مسعود الحارثی نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی دنیا بھر کے محروم ومجبورطبقے کے لیے امید کی کرن ہے۔