مہوش حیات کا عمران خان کے بعد وزیراعظم بننے کا عندیہ

July 24, 2021

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات نے بھی سیاست میں آنے کا عندیہ دے دیا۔

سوشل میڈیا پر مہوش حیات کے ایک انٹرویو کی ویڈیو کلپ وائرل ہورہی ہے جوکہ جیو نیوز کے پروگرام ’ایک دن جیو کے ساتھ‘ کی ہے۔


وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میزبان سہیل وڑائچ اداکارہ مہوش حیات سے سوال کرتے ہیں کہ ’کیا آپ سیاست میں آئیں گی؟‘

میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مہوش حیات کہتی ہیں کہ ’جی ہاں انشاءاللّہ! میں سیاست میں ضرور آؤں گی۔‘

سہیل وڑائچ اداکارہ سے سوال کرتے ہیں کہ ’آپ پارلیمانی سیاست کریں گی یا پارٹی سیاست؟‘ جس پر مہوش حیات نے کہا کہ ’میرا ارادہ ملک میں بہتری لانا ہے، اب وہ پارلیمانی سیاست سے آئے یا پارٹی سیاست سے آئے، یہ تو وقت بتائے گا۔‘

مہوش حیات نے کہا کہ ’میں پاکستان تحریک انصاف کی سیاست سے بہت متاثر ہوئی ہوں کیونکہ اُن کی وجہ سے ملک میں کافی تبدیلی بھی آئی ہے اور وہ ایک نئی سوچ کے ساتھ آئے ہیں۔‘

اداکارہ نے اُمید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’جب عمران خان کرکٹر ہونے کے ساتھ وزیراعظم بن سکتے ہیں تو ایک اداکارہ بھی وزیراعظم کا عہدہ سنبھال سکتی ہے۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میں عمران خان کو چیلنج نہیں کررہی ہوں لیکن آگے جاکر کسی نے تو اُن کی کُرسی سنبھالنی ہے تو میں اُس کے لیے اُمیدوار ہوں۔‘

واضح رہے کہ لالی ووڈ کی مقبول ترین اداکارہ میرا نے سیاست میں آنے کا اعلان کردیا ہے۔

اداکارہ میرا نے جیونیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے۔