عید کی تعطیلات کے بعد گھروں کو لوٹنے والوں سے ٹرانسپورٹرز کی لوٹ مار

July 26, 2021

حیدرآباد(این این آئی)عید کی تعطیلات کے بعد اپنے گھروں کو لوٹنے والوں سے ٹرانسپورٹرز کی لوٹ مار جاری ہے اور من مانے کرائے وصول کئے جا رہے ہیں، دوسری طرف ٹریفک پولیس اور آر ٹی اے کی طرف سے ٹرانسپورٹرز کے خلاف نمائشی کاروائیاں بھی جاری ہیں۔ٹریفک پولیس لطیف آباد نے سیکریٹری آر ٹی اے کے ہمراہ کاروائی کرکے اضافی کرائے وصول کرنے پر متعدد گاڑی مالکان پر جرمانے عائد کر دیئے، ایس پی ٹریفک حیدرآباد الحاج مختیار سولنگی کی سربراہی میں ہونے والی کاروائی میں سیکریٹری آر ٹی اے وحید پنہور نے ایس او ٹریفک سیکشن لطیف آباد محمد نعیم راجپوت اور دیگر اسٹاف کے ساتھ کاروائی کرتے ہوئے متعدد مسافر گاڑیوں کو روک کر ان میں سوار مسافروں سے ادا کئے گئے کرائے کے بارے میں پوچھا اور جہاں اضافی کرایہ وصول کی گیا وہاں گاڑی مالکان کے خلاف جرمانہ عائد کرتے ہوئے مسافروں کو ان کے اضافی کرائے کی رقم واپس دلوائی۔حیدرآباد بدین اسٹاپ سے سفر کرنے والے ایک مسافر نے بتایا کہ وین اور کوچ مالکان شہریوں سے من مانے کرائے وصول کر رہے ہیں اور اگر ان سے کرائے کی بابت معلوم کیا جائے تو وہ کہتے ہیں کہ یہی کرایہ ہے اگر سفر کرنا ہے تو کریں ورنہ اتر جائیں۔