پنجگور کی ترقی سیاسی مخالفین کو ہضم نہیں ہورہی ‘بی این پی عوامی

July 26, 2021

کوئٹہ(پ ر)بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے ترجمان نے بیان میں سوشل میڈیا پرپنجگور کے ترقیاتی منصوبوں کے بجٹ میں اضافے کو غلط رنگ دینے اور سیاسی مخالفین کی جانب سے عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقت یہ ہے کہ پنجگور کے اردگرد 40کلو میٹر ڈبل کیرج وے روڈ بنایا جا رہا ہے جو پنجگور کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے جب 40 کلو میٹر ڈبل کیرج وے کےلئے روڈ کٹنگ میں لوگوں کے گھر،دکانیں، کھجورکے باغات آئینگے تو انکی اراضیات کی قیمت حکومت ریونیو ایکٹ کے تحت ادا کرے گی جو انکا قانونی حق ہے کیونکہ یہ لوگ ہزاروں سالوں سے ان زمینوں پر آباد ہیں اور اس قانون کے تحت اسلام آباد ، راولپنڈی ،لاہور ،کوئٹہ سمیت جہاں کئی پر بھی روڈ کٹنگ میں جن لوگوں کی اراضیات آئی ہیں رقم ادا کی گئی ۔ حالیہ دنوں میں کوئٹہ کے سریاب روڈ اور سبزل روڈ کے متاثرین کو بھی رقم ادا کی جارہی ہے تو کیا وجہ ہے کہ پنجگور کے متاثرین کو رقم کی ادائیگی کے پیسوں پر واویلا کیا جائے، اب کے اس بجٹ میں پنجگور کیلئے جس رقم کااضافہ کیا گیا وہ انہی لوگوں کی اراضیات ، گھر، دکان اورباغات کےلئے ہے جو اس وقت متاثر ہوئے ہیں در اصل پنجگور کی ترقی سیاسی مخالفین سے ہضم نہیں ہو رہی اور جب سے پنجگور میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ شروع ہوا انکی نیندیں حرام ہو گئیں اور کسی نہ کسی طرح سے ترقیاتی عمل کی مخالفت کےلئے پروپیگنڈے میں مصروف ہیں۔