لاہور چیمبر نے ایک چھت تلے تمام بنیادی سہولیات فراہم کردی ہیں

July 27, 2021

میاں طارق مصباح, طاہر منظور, ناصر حمید

ج۔م

ملک میں جب بھی کوئی حکومت آئی تو اس نے آتے ہی دعوی کیا کہ وہ ماضی کی طرح سرخ فیتے کو نہیں چلنے دے گی اور عوام اور تاجروں کے لئے کاروبار کو آسان ترین بنائے گی اور اس حوالے سے انھیں جو بھی بنیادی ضروریات چاہئیں وہ انکی دہلیز تک بنا کسی رکاوٹ کے فوری مہیا ہوں گی لیکن یہ دعوے دعوے ہی رہے تیس چالیس سال سے ہم دیکھتے آرہے ہیں جو بھی حکومت آئی اور پھر چلی گئی وہ اس دعوے کو پورا نہ کر سکی بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ تاجروں کی مشکلات بڑھتی ہی چلی گئیں انھیں اپنی سرمایہ کاری کے لئے جو ڈھانچہ درکار ہوتا ہے جس میں اداروں کے این او سی لینے، کنکشن کا حصول اور اسطرح کی دوسری سہولیات سب میں مشکلات بڑھتی ہی چلی گئیں اب موجودہ پی ٹی آئی حکومت جو پہلی بار برسر اقتدار آئی تو لگ رہا تھا کہ یہ سرخ فیتے کا خاتمہ کرے گی اور تاجروں کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے گی لیکن افسوس ایسا نہ ہو سکا ہے اور کسی نے بجلی گیس پانی کا کنکشن لینا ہو یا اسے کسی وفاقی یا صوبائی ادارے سے کوئی کلئیرنس سرٹیفیکیٹ چاہیئے ہو اسے وہی روایتی مشکلات کا سامنا ہے۔

جب تک کوئی سفارش نہ ہو یا پیسے نہ لگائے جائیں اس کا مسئلہ حل نہیں ہو پاتا ،وہی روایتی تاخیری حربے اداروں میں استعمال کئے جاتے ہیں جس سے تنگ آکر سرمایہ کار فیکٹری لگانے کے لئے رشوت دینے پر مجبور ہو جاتا ہے آج بھی گیس اور بجلی کا کنکشن لینا ہو تو سوئی گیس او ر لیسکوکے بیسیوں چکر لگانا روٹین ہے اور جب مڈل مین آجائے تو اس کا ہر کام ہوجاتا ہے یہ افسوسناک رویہ ہے ہمارے ملک میں اسی لئے سرمایہ کاری نام کو نہیں اور لوگ باہر پیسہ لے جانا بہتر سمجھتے ہیں جو یقیناً وزیر اعظم عمران خان کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔

لیکن اس روایت کو توڑنے کی کوشش لاہور چیمبر نے کی ہے یہاں ایک چھت تلے سرمایہ کاروں ،تاجروں کو تمام سرکاری محکموں تک رسائی حاصل ہو گئی ہے وہاں باعزت طریقے سے آکر تاجر قومی شناختی کارڈ، پاسپورٹ، لائسنس، ویکسی نیشن سمیت دیگر تمام کام کروا سکتے ہیں جس کی تفصیل لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح الرحمن ،سنئیر نائب صدر ناصر حمید اور نائب صدر چوہدری طاہر منظور نےبتائی۔

ان کے مطابق بزنس کمیونٹی کو اپنا قیمتی وقت بچانے کے لئے ایک ہی چھت کے نیچے تمام سہولیات فراہم کی جائیں ، یہ ہمارا ویژن تھا ایل سی سی آئی ‘ون ونڈو اسمارٹ سروسز’ آج ان گنت شعبوں پر مشتمل ہے جو کاروباری برادری کو اپنے روزمرہ کے کاموں کے لئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

لاہور چیمبر میں وہ تمام سہولیات موجود ہیں جو پاکستان کے کسی اور چیمبر میں نہیں ہیں۔ لاہور چیمبر کے ممبران جب چاہیں لاہور چیمبر کا دورہ کرکے ان سہولیات سے فائدہ اٹھاسکتےہیں ۔

اس میں نادرا سہولت مرکز ایل سی سی آئی کے ممبروں کو تمام تر سہولیات مہیا کررہا ہے جس میں نئے قومی شناختی کارڈ جاری کرنے ، این آئی سی کارڈزکی تجدید ، بی فارم فراہم کرنے شامل ہیں۔ یہ سارا عمل ایک سے دو دن میں مکمل ہوجاتا ہے جو ممبروں کے لئے ایک بڑی سہولت ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور کاروباری برادری کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کے ممبروں کو اپنے ٹیکس کے معاملات کے سلسلے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جو اب ایف بی آر سہولت ڈیسک کے قیام کے بعد سے حل ہو رہے ہیں۔ ایف بی آر کی ایک تجربہ کار ٹیم ہے جو ممبروں کے ٹیکس کے معاملات کو نہ صرف حل کررہی ہے بلکہ انھیں انمول رہنمائی اور مدد فراہم کررہی ہے۔

یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ صنعت و تجارت اور لیسکو لازم و ملزوم ہیں ، کیونکہ لیسکو کاروباری برادری سے بجلی اور محصول وصول کرتا ہے۔ مسائل اسی تناسب سے پیدا ہوتے ہیں۔ لاہور چیمبر میں لیسکو سہولت مرکز نے کسی شکایت کی صورت میں ایل سی سی آئی کے ممبروں کا قیمتی وقت بچایا ہے۔ اب لیسکو ہیلپ ڈیسک کے ذریعے تمام مسائل حل ہو رہے ہیں۔

محکمہ ٹریفک پولیس کی بہترین اور محنتی ٹیم چیمبر کے ممبروں کو ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور محکمہ ٹریفک پولیس سے متعلق تمام معاملات پر رہنمائی فراہم کرنے جیسی بہترین سہولت مہیا کررہی ہے۔

چیمبر کے ممبران کا محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے روزانہ رابطہ ہوتا ہے ، لہذا ایک سہولت مرکز قائم کیا گیا ہے جو ممبروں کو محکمہ ایکسائز سے متعلق تمام خدمات مہیا کررہا ہے۔ ممبران بہت سی دیگر سہولیات حاصل کرسکتے ہیں جن میں ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی ، نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن ، پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی وغیرہ شامل ہیں۔ٹیکس عائد کرنے کے سلسلے میں ممبروں کو بہت ساری پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

لہذا اس سلسلے میں ان کی سہولت کے لئے پنجاب ریونیو اتھارٹی کا ایک ہیلپ ڈیسک تشکیل دیا گیا ہے۔ اب وہ یہاں پنجاب ریونیو اتھارٹی سے متعلق تمام مسائل حل کرسکتے ہیں۔لاہور چیمبر کی درخواست پر محکمہ لیبر نے پنجاب ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن کا ایک سہولت مرکز قائم کیا ہے ، جو تاجروں اور ملازمین کے مسائل حل کرنے کے لئے قیمتی خدمات مہیا کرتا ہے اسی طرح ممبروں کو ایف بی آر کے آن لائن سسٹم WeBOC کے بارے میں بہت سی شکایات ہیں اور ان سے نمٹنے کے لئے ایک ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے جس سے اب وہ رہنمائی لے سکتے ہیں۔

ایل سی سی آئی میں پنجاب پولیس فیسیلٹیشن سنٹر ، ممبروں کو بے شمار سہولیات مہیا کررہا ہے۔ اس سنٹر میں ممبروں کے لئے محکمہ پولیس سے متعلق 14 مختلف خدمات میں توسیع کی گئی ہے۔

اسلحہ لائسنس کے حصول اور تجدید میںیہ عمل اب خود لاہور چیمبر آف کامرس میں شروع کیا گیا ہے اور اس سے ان کے لئے ایک بہت بڑا مسئلہ حل ہوگیا ہے۔

اس سنٹر کے ذریعے ممبر کسی بھی محکمے سے متعلق اپنی شکایات کے بارے میں ہمیں آگاہ کرسکتے ہیں اور ان کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

نیشنل ٹیرف کمیشن کا ایک ہیلپ سنٹر بھی قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعے ٹیرف اور دیگر امور میں مدد حاصل کرسکتے ہیں۔محتسب ہیلپ ڈیسک کے ذریعے وقت ضائع کیے بغیر اپنے تنازعات کو حل کرسکتے ہیں۔ اس ہیلپ ڈیسک پر محتسب سے متعلق تمام سہولیات دستیاب ہیں۔