اسلام آباد سیلاب، سعید غنی کا عمران خان پر طنز

July 28, 2021

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی تیز بارش کے بعد سیلابی صورتحال پر وزیراعظم پر طنزیہ وار کیا ہے۔

سعید غنی نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والی بارش نے یقیناً وزیراعظم عمران نیازی کو سمجھا دیا ہوگا کہ جب زیادہ بارش ہوتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے۔

یاد رہے کہ سال 2019 میں بارشوں کے دوران حیدر آباد میں بلاول بھٹو زرداری نے بارش کے پانی پر بیان دیا تھا کہ ہمیں یہ چیز سمجھنا ہوگی کے جب بارش آتی ہے تو پانی آتا ہے، جب زیادہ بارش آتی ہو تو زیادہ پانی آتا ہے۔

بلاول بھٹو کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا تھا اور اس کے بعد سے ہی یہ جملہ زبان زد عام و خاص ہے۔

اپنے پیغام میں سعید غنی نے کہا کہ اللہ بارش کو ہمارے لیے رحمت بنائے اور ہمارے ملک کو اسکے نقصانات سے محفوظ رکھے۔ آمین

واضح رہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے باعث جڑواں شہروں کے کئی علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے، مکانات میں پانی داخل ہوگیا، سیکٹر ای الیون اور ڈی 12 میں سیلابی ریلے میں متعدد گاڑیاں بہہ گئیں۔

اسلام آباد میں مسلسل بارش اور بادل کے پھٹنے کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے نتیجے میں ایک بچہ اور ماں جاں بحق ہوگئی۔