اسلام آباد میں مسلسل بارش اور بادل کے پھٹنے کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے سے گھروں میں پانی داخل ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک بچہ اور ماں جاں بحق ہوگئی۔
بچے اور والدہ کے جاں بحق ہونے کا واقعہ وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ای 11 ٹو میں پیش آیا۔
اہلِ خانہ کے مطابق نالے کا پانی گھر میں داخل ہونے سے 4 بچے اور ماں ڈوب گئےتھے، انتظامیہ نے 3 بچوں کو بچا لیا ، ایک بچہ اور ماں ڈوب کر جاں بحق ہوئے۔
ای الیون میں سیلابی پانی سے جاں بحق بچے کے چچا نے جیونیوز سے گفتگو میں بتایا کہ صبح 6 بجے پانی گھر میں داخل ہوا، اور 15 منٹ پر گھر کی پچھلی دیوار گرگئی۔
جاں بحق بچے کے چچا کے مطابق بیسمنٹ میں پانی داخل ہونے سے میرا بھتیجا اور ان کی والدہ ڈوب گئیں۔
انہوں نے کہا کہ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکالا، انتظامیہ ساڑھے 8 بجے کے بعد پہنچی۔
ایڈشنل ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ ریسکیو ٹیمز کی ایسی غفلت دوبارہ برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ تین گھنٹے مسلسل بارش سے نالے بپھر گئے اور گھروں میں پانی داخل ہوا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے باعث جڑواں شہروں کے کئی علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے مکانات میں پانی داخل ہوگیا۔ سیکٹر ای الیون اور ڈی 12 میں سیلابی ریلے میں متعدد گاڑیاں بہہ گئیں۔