ماہم کے قاتل کی گرفتاری، انصاف کی فراہمی تک ساتھ دینگے، سیاسی و مذہبی رہنما

July 30, 2021

کراچی( اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے پارٹی رہنماوں کے ہمراہ کورنگی میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی 6سالہ بچی کے گھر پہنچ کر اہل خانہ سے تعزیت کی اور یقین دہانی کروائی کہ جب تک قاتل کی گرفتاری اور بچی کے اہل خانہ کو انصاف نہیں مل جاتا تحریک انصاف ان کے ساتھ کھڑی ہے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ 2دن گزر جانے کے باوجود صوبائی حکومت کے کسی نمائندے نے بچی کے اہل خانہ سے تعزیت نہیں کی، علاوہ ازیں ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سر براہ ڈاکٹر فاروق ستار نےکہا ہے کہ ماہم کے قتل میں ملوث ملزمان کو کیفر کرادار تک پہنچایا جائے، اہل خانہ سے ملاقات اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماہم کے والدین کے ساتھ زینب جیسا انصاف ہونا چا ہئے ، دریں اثنا مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کراچی میں معصوم بچوں کے اغوا اور جنسی زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نااہلی قرار دیا ہے۔