ادارے کی ساکھ خراب کرنیوالوں کو برداشت نہیں کرینگے، ڈی جی SBCA

July 30, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی محمدسلیم رضا نے کہا ہے کہ ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے اندرونی وبیرونی عناصر کو ہر گز برداشت نہیں کریں گے ،غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایکشنزکو مزیدموثربنایاجائے ،ڈائریکٹرزخود بھی اچانک دورے کریں ،ہر قسم کے دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے انہدامی عمل مزید تیز کیا جائے ،دوسری جانب ڈیمالیشن اسکواڈ نے ڈسٹرکٹ سینٹرل اورایسٹ کے مختلف علاقوں میں اضافی منزلوں ،پورشنزاوراستعمال اراضی کی خلاف ورزی سمیت دیگر غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں منہدم وسربمہرکردیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹرجنرل ایس بی سی اے محمدسلیم رضاکی زیرصدارت کانفرنس ہال کراچی ہیڈکوارٹرمیں تمام ڈسٹرکٹ وسیکشنزڈائریکٹرزکا اجلاس منعقد ہواجس میں غیرقانونی تعمیرات پر انہدامی کارروائیوں سے متعلق پیش کردہ کارکردگی رپورٹس کاجائزہ لیاگیا ، اس حوالے سے انہوں نے تمام ڈسٹرکٹ ڈائریکٹرز بشمول وجیلنس ڈائریکٹرکو ہدایت دی کہ اچانک دورے کرکے خود سروے کریں تاکہ غیرقانونی تعمیرات کے خلاف جاری مہم کے بہترنتائج اورمقاصد کاحصول یقینی بنایاجاسکے۔علاوہ ازیں ڈائریکٹرجنرل ایس بی سی اے محمد سلیم رضا کی ہدایات پر ڈیمالیشن اسکواڈ نے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے لیاقت آباد کے علاقے میں پلاٹ نمبر 3/913 ، اورپلاٹ نمبر 1/369،پرتیسری منزل اورپلاٹ نمبر 63/1،سی ایریالیاقت آبادپر پانچویں منزل کی آرسی سی چھتوں اور پارٹیشن دیواروں جبکہ پلاٹ نمبر 81عثمانیہ سوسائٹی کی عقبی جانب گرائونڈفلورتادوسری منزل کی تعمیرات اور تیسری منزل کومنہدم کردیا۔