افغان مترجم کے انخلاء کا آغاز، 200 افراد ورجینیا پہنچ گئے

July 30, 2021

امریکی فورسز کے لیے کام کرنے والے افغان مترجم کے انخلاء کا آغاز ہوگیا ہے۔ 200 افغان مترجم اور اُن کے اہل خانہ کو لے کر پہلی امریکی فلائٹ ورجینیا پہنچ گئی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا پہنچنے والے افغان شہریوں کو دیئے گئے خیر مقدمی پیغام میں امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ امریکی افواج کے شانہ بشانہ کام کرنے والے ہزاروں افغان شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کی جانب یہ اہم سنگِ میل ہے۔

امریکہ کی انٹیلی جنس ایجنسیاں اور متعلقہ ادارے ان افغان شہریوں کا جامع بیک گراﺅنڈ چیک کر چکی ہیں۔

صدر بائیڈن نے مزید کہا کہ امریکی انخلاء کے باوجود افغانستان کی مدد جاری رہے گی، افغان فورسز کی سیکیورٹی مدد اور افغان عوام کی فلاحی و ترقیاتی امداد کی جائے گی۔

اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا، افغان امن عمل کے لیے سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔