میڈیا اور ٹیکنالوجی نے نئے چیلنجز اور مواقع پیدا کئے، امیرالعظیم

August 01, 2021

لاہور (نیوزرپورٹر)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا ہے کہ میڈیا اور ٹیکنالوجی کے انقلاب نے انسانی معاشرہ کے لیے نئے چیلنجز اور مواقع پیدا کر دیے ہیں۔تحریک اسلامی کو انفارمیشن کے انقلاب سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ جماعت اسلامی سے وابستہ ہر فرد روایتی اور سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم کو استعمال کر کے معاشرے میں قرآن و سنت کے پیغام کو عام کرے۔ جماعت اسلامی دعوت الی اللہ کی تحریک ہے ۔ صحافت کو پابند سلاسل کرنے کے ہر حکومتی اقدام کی مذمت کرتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی میڈیا ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ امیر العظیم نے کہا کہ میڈیا کے مثبت استعمال کے ذریعے معاشرے میں نیکی کے پھیلاؤ اور بدی کو روکنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیاہے کہ کرپٹ سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کو پرامن جمہوری انقلاب کے ذریعے گھروں کو بھیجا جائے ۔