نیب ریفرنس کے فیصلوں میں تاخیر، عدالت پھر برہم، ملزم کی ضمانت منظور

August 05, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو اور جسٹس فہیم احمد صدیقی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز میں گھپلوں سے متعلق سابق ڈسٹرکٹ افسر کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز محمد اختر پٹھان کی درخواست ضمانت منظور کرلی، سماعت کے دوران نیب ریفرنس کے فیصلوں میں تاخیر پر سندھ ہائیکورٹ ایک بار پھر برہم ، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ 2017 سے ایک ریفرنس زیر سماعت ہے، فیصلہ ہوتا دکھائی نہیں دے رہا، عدالت نےریمارکس دیئے کہ ایک ملزم کو 4 سال سے جیل میں رکھا ہوا ہے، پراسیکیوٹر نیب نے موقف دیا کہ نیب غیر ضروری تاخیر کی ذمہ دار نہیں، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ کیس چلانا چاہتے ہیں مگر نیب چلنے نہیں دیتی، جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ 89گواہوں میں سے صرف 6سے7 گواہان کے بیان قلمبند کئے گئے،بتائیں، غیرضروری تاخیر کا ذمہ دار کون ہے، عدالت نے فیصلے میں تاخیر پر ملزم محمد اختر پٹھان کی 5 لاکھ میں ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم کو ٹرائل کورٹ سے تعاون کرنے اور نیب کورٹ کو ٹرائل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔