امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کے نتیجے میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی نے کئی ممالک میں کھیلوں کے مقابلوں کو متاثر کر دیا ہے۔
بحرین اور سعودی عرب میں اگلے ماہ ہونے والی فارمولا ون ریس مشرق وسطیٰ کے تنازع کی وجہ سے منسوخ ہو سکتی ہے۔
ایران نے رواں سال امریکا میں ہونے والے فٹبال ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایرانی فٹبال ٹیم کے ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ایران کی قومی فٹ بال ٹیم کی امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کا خیر مقدم کرتا ہوں، مگر ایرانی ٹیم کا امریکا میں ہونا ان کی جانوں اور حفاظت کے لیے مناسب نہیں۔
واضح رہے کہ ایران نے 11 جون سے امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہونے والے 48 ٹیمز کے ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے اور اس کے 2 گروپ میچ لاس اینجلس اور ایک سیٹل میں شیڈول ہے۔
مشرق وسطیٰ کے کئی ایئرپورٹس پر فلاہٹ آپریشنز متاثر ہونے کی وجہ سے کئی کھلاڑیوں کو’میلانو کورٹینا ونٹر پیرا اولمپک گیمز‘ میں شرکت کے لیے سفر میں دشواری پیش آ رہی ہے۔
علاوہ ازیں بین الاقوامی پیرا اولمپک کمیٹی نے 6 مارچ کو اعلان کیا ہے کہ ایران میلانو کورٹینا 2026 پیرالمپکس ونٹر کھیلوں میں حصہ نہیں لے رہا ہے۔
فجیرہ چیلنجر ایونٹ میں کھیل 3 مارچ کو سیکیورٹی خدشات کے باعث اچانک منسوخ کر دیا گیا۔
روسی کھلاڑی دانیئل میڈویڈیف اور آندرے روبلیوف، جنہوں نے دبئی ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کی تھی، انہیں کیلیفورنیا میں ہونے والے انڈین ویلز اوپن تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
دو بار کی اولمپک میڈل جیتنے والی بھارتی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو دبئی ایئرپورٹ پر کئی دنوں تک پھنسے رہنے کے بعد آل انگلینڈ اوپن سے دستبردار ہوگئیں اور 3 مارچ کو بھارت واپس پہنچیں۔
امریکا مصر کے شہر اسماعیلیہ میں ہونے والے مردوں کے ہاکی ورلڈ کپ 2026ء کوالیفائر سے دستبردار ہو گیا۔