معیاری و محفوظ غذا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا‘ سیکرٹری خوراک

August 05, 2021

کوئٹہ(خ ن)صوبائی سیکرٹری خوراک نور احمد پرکانی نے کہا ہے صحت بخش زندگی کے حصول کے لئے محفوظ و ملاوٹ سے پاک غذا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ،اس ضمن میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے سخت قوانین مرتب کئے گئے ہیں تاکہ خوراک کی تیاری کے تمام مراحل میں فوڈ سیفٹی پیرامیٹرز کو خصوصی طور پر ملحوظ خاطر رکھا جا سکے۔ بی ایف اے کے فوڈ سیفٹی افسران کیلئے گریسپ کا تربیتی پروگرام قبال ستائش ہے، جس کے یقیناً افسران کی انفرادی و ادارے کی مجموعی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گروتھ فور رورل ایڈوانسمنٹ اینڈ سسٹین ایبل پراگریس کے زیر اہتمام میٹ سیفٹی اینڈ کوالٹی سٹینڈرڈز کے تین روزہ تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیکرٹری خوراک نے کہا کہ فوڈ بزنس پر نظر رکھنے کے لئے خصوصی اتھارٹیز میں پہلے پنجاب فوڈ اتھارٹی قائم ہوا ،سال 2019 میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ، موجودہ ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کی سربراہی میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران گوشت سمیت تمام اشیاء خوردنوش کے معیار کی بہتری کے لئے تمام اضلاع میں خاطر خواہ اقدامات کئے ۔انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ریسرچ کا سلسلہ بھی جاری رکھیں کیونکہ مسلسل تحقیق کے ذریعے ہی آپ اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرسکتے ہیں۔تقریب سے خطاب میں ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے ابراہیم بلوچ کا کہنا تھا کہ صحت عامہ کی بہتری اور بیماریوں کی روک تھام میں فوڈ سیفٹی کے کردارکو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ گوشت ہماری روزمرہ خوراک کا اہم جز وہے ، بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے گوشت کی فروخت سے متعلق مقررہ میٹ سیفٹی سٹینڈرڈز پر عمل درآمد اور اس حوالے سے ضروری اصطلاحات پر مسلسل کام کیا ہے جبکہ اس ضمن میں قصابوں کو خصوصی طور پر آگاہی بھی فراہم کی گئی ہے۔تقریب کے اختتام پر سیکرٹری خوراک اور ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے نے تربیتی پروگرام کے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔