شہید سلیم طاہر محکمہ کا قیمتی اثاثہ،خدمات یاد رکھی جائیں گی ،چیف کلکٹر کسٹمز

August 05, 2021

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) چیف کلیکٹر کسٹمز بلوچستان گل رحمان نے کہا ہے کہ شہید سلیم طاہر محکمہ کا قیمتی اثاثہ تھے، ڈیوٹی کو جان سے بھی زیادہ اہمیت دینے والے افسر کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کسٹمز ہاوس میں شہید سلیم طاہر کی یاد میں تعزیتی رنفرنس سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر اعلی ٰافسران سمیت دیگر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہید سلیم طاہر کا جانا نہ صرف اسکے خاندان، کسٹمز بلکہ پاکستان کا نقصان ہے۔ شہید انتہائی شریف اور پروفیشنل آفیسر تھے۔ انہوں نے انتہائی پر خطر علاقے میں دوران ڈیوٹی جان دے دی۔ شہید بطور ڈپٹی کلیکٹر علاقے میں تعینات کئے گئے تھے۔ کم وسائل اور نا مناسب حالات میں بھی ڈیوٹی دینے سے بھی نہیں ہچکچا تے اور اتوار کو ڈیوٹی دینے کے بعد جب واپس آرہے تھے تو حادثے کے شکار ہوئے۔ کچھ لوگ نہ صرف اپنی شخصیت سے بلکہ اپنے کام سے بھی دوسروں کے دلوں میں گھر بنا تے ہیں ۔ شہید سلیم طاہر کا شمار انہیں افیسروں میں ہوتا تھا۔ وطن کے اس عظیم بیٹے کو ہم سلام پیش کرتے ہیں۔چیف کلیکٹر نے گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے سے انتقال ہونے والے کسٹم ا نسپکٹرشکیل اعوان کی بھی تعریف کی۔ مرحوم شکیل اعوان کسٹمز کے ایک زندہ دل آفیسر مانے جاتے تھے۔وہ گزشتہ روز راولپنڈی میں حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کر گئے ۔ مرحوم کوئٹہ کسٹمز کے انتہائی محنتی افسران میں سمجھے جاتے تھے۔ بعدازاں قرآن خوانی کی گئی جس میں کسٹمز افیسران کے علاوہ زندگی کے دیگر شعبوں خاص کر چمبرز آف کامرس کے عہدےداران نے بھی شرکت کی۔