• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمیں پیپلز پارٹی کا بیک گراؤنڈ سامنے رکھنا چاہئے تھا، خواجہ آصف


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سے متعلق ہمیں بیک گراؤنڈ سامنے رکھنا چاہئے تھا، ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید بہتر نتائج حاصل کرنے کیلئے آئی جی پنجاب تبدیل کرلیا تو کیا بڑی بات ہے،ماہر افغان امور سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ افغان کابینہ کی تشکیل میں طالبان کی جدوجہد میں کردار اور اہمیت کو پیمانہ بنایا گیا ہے۔ن لیگ کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے باپ سے ووٹ لے کر یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن لیڈر بنوایا ،اس سے پہلے بھی انہوں نے سینیٹ الیکشن میں جو کچھ کیا اور شہباز شریف کو وزیراعظم کیلئے نامزد کر کے ہمیں دھوکا دیدیا، ہم نے پیپلز پارٹی سے بہت سی امیدیں وابستہ کرلی تھیں، پیپلز پارٹی سے متعلق ہمیں بیک گراؤنڈ سامنے رکھنا چاہئے تھا، میں نے جب کہا تھا کہ آصف زرداری پر اعتبار کرنا محا ل بات ہے تو میری پارٹی نے بہت برا مانا تھا۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو دوسری سیاسی جماعت کے مفادات کو نظرانداز نہیں کرنا چاہئے، پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل کیلئے مارجن رکھ کر بات کرنی چاہئے، میں سمجھتا ہوں کسی جماعت سے لامحدود توقعات وابستہ کرنا ان کی نہیں ہماری غلطی ہے،شاہد خاقان عباسی کے پاس شاید میری گفتگو کا مکمل سیاق و سباق نہیں تھا، پیپلز پارٹی سے امید اس بات کومدنظر رکھتے ہوئے کرنی چاہئے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ میں حکومت اور اپنے مفادات ہیں ،ہمیں پیپلز پارٹی کا اسٹائل پتا تھا اسے مدنظر رکھتے ہوئے ان کے ساتھ ڈیل کرنا چاہئے تھا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ الیکشن آنے والے ہیں اپوزیشن جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر ہوں گی تو زیادہ فائدہ اٹھاسکیں گی، اپوزیشن اسی طرح تقسیم رہی تو حزب اختلاف کی تمام جماعتیں نقصان میں رہیں گی۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ن لیگ میں کوئی کنفیوژن نہیں ہے، اگر کہیں تھوڑا کنفیوژن ہے تو جب نواز شریف چاہیں گے وہ ختم ہوجائے گا، نواز شریف کے ایک بیان پر سب ایک لائن میں ہوں گے، نواز شریف کو پارٹی صورتحال کا مکمل ادراک ہے جلد ہی کچھ ہوجائے گا، شہباز شریف پارٹی کے صدر ہیں ان کی پوزیشن میں کوئی ابہام نہیں ہے، شہباز شریف پارٹی کو لیڈ کررہے ہیں اگلے الیکشن میں بھی وہی لیڈ کریں گے، ن لیگ کا بیانیہ ٹی وی پروگراموں کا موضوع تو بن سکتا ہے لیکن گراس روٹ لیول پر کوئی کنفیوژن نہیں ہے۔

تازہ ترین