وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ نائب صدر جے ڈی وینس امریکا میں موجود رہ کر ایران سے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکراتی عمل پر نظر رکھیں گے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیویٹ نے امریکی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر ہفتے کی صبح ایران سے مذاکرات کےلیے پاکستان روانہ ہوں گے۔
کیرولین لیویٹ نے بتایا کہ ایران نے خود رابطہ کیا اور بالمشافہ ملاقات کی درخواست کی ہے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق ضرورت پڑنے پر سب کو پاکستان روانگی کےلیے اسٹینڈ بائی رکھا جائے گا۔
کیرولین لیویٹ نے مزید کہا کہ ایران سے مذاکرات کے عمل میں پاکستان حیرت انگیز ثالث رہا ہے۔
اس سے قبل یہ اطلاعات آئیں تھی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے مذاکرات کا ایک دور جلد ہونے کا امکان ہے۔ ایران سے وزیر خارجہ عباس عراقچی جبکہ امریکا سے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کُشنر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
ابتدا میں امریکی وفد کے اسلام آباد نہ آنے کی خبر آئی تھی، تاہم اب سے کچھ دیر پہلے امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے امریکی حکام کے حوالے سے خبر دی ہے کہ صدر ٹرمپ نے مذاکرات کے لیے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کُشنر کو اسلام آباد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔