جنیوا(اے ایف پی) قومی مزاحمتی محاذ کے سربراہ احمد مسعود کے چچا احمد ولی مسعود نے کہا ہےکہ طالبان مخالف ہزاروں جنگجو پنج شیر وادی میں ’’کسی بھی وقت‘‘ واپس آ سکتے ہیں ، انہوں نے اپنے مقصد کے حصول کے لیے بین الاقوامی حمایت کی اپیل بھی کی۔غیرملکی خبررساں ادارے کےمطابق جنیوا میں ایک سمپوزیم کو احمد ولی مسعود نے بتایاکہ ہمارے پاس وادی میں اب بھی ہزاروں جنگجو موجود ہیں اور کبھی بھی وہ واپس آ سکتے ہیں اور آپ اس کا مشاہدہ کریں گے، ہاں ، ہم زخمی ہوئے ہیں اور ہم واقعی زخمی ہوئے ہیں لیکن ہم مرے نہیں ابھی ہم زندہ ہیں۔احمد ولی مسعود مرحوم احمد شاہ مسعود کے بھائی ہیں جو سوویت اور طالبان مخالف کمانڈر تھے انہیں القاعدہ نے قتل کیا تھا۔احمد ولی مسعود نے سمپوزیم کو بتایاکہ پنج شیر صرف ایک مزاحمت نہیں ، یہ ایک مقصد ہے ، ایک بین الاقوامی مقصد ہے۔