دوحہ(اے ایف پی، جنگ نیوز) امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے طالبان کی جانب سے افغانستان کے ایک شمالی شہر سے بذریعہ پرواز جانے کی کوشش کرنے والے امریکیوں کو روکے جانے کی خبروں کی تردید کی۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ طالبان نے چارٹرڈ فلائٹس کو جانے کی اجازت نہیں دی کیونکہ کچھ مسافروں کے پاس سفری دستاویزات نہیں تھے۔
غیرملکی خبررساںاداروں کے مطابق حالیہ دنوں میں یہ اطلاعات ملی ہیں کہ امریکی شہریوں سمیت ایک ہزار افراد کئی دنوں سے مزار شریف میں پھنسے ہوئے ہیں کیونکہ ان کی چارٹرڈ پروازوں کو جانے کی کلیئرنس نہیں ملی،پروازوں کے منتظمین میں سے ایک نے اس کا ذمہ دار امریکی محکمہ خارجہ کو ٹھہرایا۔
قطر میں منگل کو ایک پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے کہا کہ واشنگٹن نے ’نسبتاً‘ کم تعداد میں امریکیوں کی نشاندہی کی ہے جو مزار شریف سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔