خاتون کی کوبرا سانپ سے گفتگو کرتے ہوئے ویڈیو وائرل

September 08, 2021

بھارت سے ایک دلچسپ ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک زہریلا سانپ خاتون کے بڑے لاڈ پیار سے گھر چھوڑنے کے حکم کی تعمیل کر رہا ہے۔

سوشل میڈیا سائٹس پر آئے دن دنیا بھر سے دلچسپ واقعات صارفین کی جانب سے شیئر کیے جاتے ہیں، ان میں سے کچھ واقعات دیکھ کر انسانی عقل دنگ رہ جاتی ہے۔

ایسا ہی ایک بھارت میں رونما ہونے والا واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔

ویڈیو میںدیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی شہر کوئمبٹور سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اپنی مقامی زبان میں ایک ڈنڈی کی مدد سے زہریلے سانپ کو ڈراتے ہوئے گھر سے باہر جانے کا کہہ رہی ہے۔

وائرل ہوتی ویڈیو میں کوبرا سانپ بھی آرام سے خاتون کی بات مانتے ہوئے گھر سے باہر جا رہا ہے اور جاتے ہوئے مسلسل خاتون کی جانب بھی دیکھ رہا ہے۔

ویڈیو کے مطابق خاتون سانپ کو باہر جانے کا حکم دیتے ہوئے بڑے لاڈ پیار سے اُسے واپس آنے کا بھی کہہ رہی ہے۔

خاتون کا سانپ سے بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ جب وہ دوبارہ آئے گا تو وہ اُسے کھانا بھی کھلائے گی اور دودھ بھی پلائے گی۔